7

مونال: نقصان کا ذمہ دار کون؟ حمید علی

اسلام آباد کی حسین وادیوں میں واقع مونال ریسٹورنٹ کبھی پاکستان کے خوب صورت ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا تھا۔ شام ڈھلے شہر کی روشنیاں، مارگلہ کی ٹھنڈی ہوائیں اور مونال کا دل کش ماحول نہ صرف شہریوں، بل کہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی خاص کشش رکھتا تھا۔ آج وہی جگہ ویرانی، خاموشی اور کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ حالاں کہ آئینی عدالت نے سابقہ فیصلے کے بعض قانونی پہلوؤں پر سوالات اٹھاتے ہوئے معاملہ دوبارہ ٹرائل عدالتوں کے سپرد کر دیا ہے، مگر یہ سوال اب بھی موجود ہے کہ جب انصاف اتنی دیر سے آئے کہ سب کچھ برباد ہو چکا ہو، تو ایسے انصاف کی افادیت کیا رہ جاتی ہے؟

قانون کی حکمرانی ہر مہذب معاشرے کی بنیاد ہے، مگر قانون کا بنیادی مقصد انصاف فراہم کرنا اور عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا بھی ہے۔ اگر کسی فیصلے کے نتیجے میں ایک کامیاب کاروبار ختم ہو جائے، سینکڑوں خاندان متاثر ہوں، سیاحت کو نقصان پہنچے اور بعد میں معلوم ہو کہ مقدمے کے بعض اہم قانونی پہلو مکمل طور پر زیرِ غور ہی نہیں آئے تھے، تو یقیناً کئی سنجیدہ سوالات جنم لیتے ہیں۔

مونال صرف ایک ریسٹورنٹ نہیں تھا، بل کہ یہ اسلام آباد کی پہچان بن چکا تھا۔ ہر سال ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاح یہاں آتے، پاکستان کی قدرتی خوب صورتی سے لطف اندوز ہوتے اور ایک مثبت تاثر لے کر واپس جاتے۔ اس مقام نے نہ صرف سیاحت کو فروغ دیا، بل کہ حکومت کو مختلف ٹیکسوں کی مد میں آمدن بھی فراہم کی اور مقامی معیشت کو بھی سہارا دیا۔

سب سے زیادہ متاثر وہ لوگ ہوئے جن کا روزگار مونال سے وابستہ تھا۔ لگ بھگ ایک ہزار افراد براہِ راست یا بالواسطہ اس ادارے سے رزق کماتے تھے۔ ویٹر، باورچی، صفائی کرنے والے، سکیورٹی اہل کار، انتظامی عملہ، سپلائرز، ڈرائیورز اور دیگر بے شمار افراد کی معاشی زندگی اس ایک ادارے سے جڑی ہوئی تھی۔ جب مونال بند ہوا تو صرف ایک کاروبار ختم نہیں ہوا، بل کہ سینکڑوں خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہو گئے۔

اب، جب کہ وہ جگہ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟ اگر بعد میں عدالت یہ قرار دے رہی ہے کہ سابقہ فیصلے میں ایسے مشاہدات شامل تھے جو مقدمے کے اصل نکات کا حصہ ہی نہیں تھے، تو پھر اس دوران ہونے والے نقصان کی ذمہ داری کون قبول کرے گا؟ کیا صرف ایک نیا عدالتی حکم ان لوگوں کے زخم بھر دے گا جنہوں نے اپنی ملازمتیں کھو دیں؟ کیا ان سرمایہ کاروں کا اعتماد واپس آ جائے گا جنہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں نئے خدشات محسوس کیے؟

عدالتی نظام میں اپیل اور نظرِ ثانی کی گنجائش اسی لیے رکھی جاتی ہے تاکہ اگر کہیں کوئی قانونی یا حقائق پر مبنی غلطی رہ جائے تو اسے درست کیا جا سکے۔ لیکن بعض اوقات فیصلے پر عمل درآمد اتنی تیزی سے ہو جاتا ہے کہ بعد میں آنے والی اصلاح بھی عملی طور پر بے معنی محسوس ہوتی ہے۔ مونال کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی دکھائی دیتا ہے۔ آج اگر دوبارہ مقدمہ سنا بھی جائے تو نہ وہ عمارت اپنی سابقہ حالت میں واپس آ سکتی ہے، نہ وہ کاروبار، نہ وہ ماحول اور نہ ہی وہ روزگار جو اس سے وابستہ تھا۔

یہ معاملہ صرف ایک ریسٹورنٹ کا نہیں، بل کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول سے بھی جڑا ہوا ہے۔ سرمایہ کار ہمیشہ ایسے ملک کا انتخاب کرتے ہیں جہاں قوانین واضح ہوں، فیصلے متوازن ہوں اور قانونی تنازعات کے دوران غیر ضروری نقصان سے بچنے کی کوشش کی جائے۔ اگر ایک معروف اور کامیاب ادارہ طویل قانونی عمل کے دوران مکمل طور پر ختم ہو جائے تو اس کے اثرات صرف ایک کمپنی تک محدود نہیں رہتے، بل کہ پورے کاروباری ماحول پر مرتب ہوتے ہیں۔

اس واقعے سے یہ سبق بھی ملتا ہے کہ عدالتی فیصلوں میں قانونی تقاضوں کے ساتھ ساتھ عوامی مفاد، روزگار، معیشت اور سماجی اثرات کو بھی پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے۔ انصاف صرف قانون کی کتابوں میں نہیں، بل کہ عوام کی زندگیوں میں بھی نظر آنا چاہیے۔

آج مونال کی جگہ خاموش کھنڈرات موجود ہیں۔ نہ وہاں پہلے جیسی رونق ہے، نہ سیاحوں کا ہجوم اور نہ ہی ان کارکنوں کی مصروفیت، جو اپنے اہلِ خانہ کے لیے رزق کماتے تھے۔ یہ منظر صرف ایک عمارت کی تباہی نہیں، بل کہ ایک ایسے فیصلے کے نتائج کی یاد دہانی بھی ہے، جس پر اب خود قانونی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ مستقبل میں ایسے معاملات میں زیادہ احتیاط، مکمل قانونی جانچ اور بروقت انصاف کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی فیصلے کے نتیجے میں عوام، کاروبار اور ملکی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان نہ پہنچے۔ کیونکہ جب انصاف اس وقت آئے، جب سب کچھ مٹ چکا ہو، تو پھر قوم یہ سوال ضرور کرتی ہے کہ آخر اس نقصان کا ازالہ کون کرے گا، اور اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں