فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل: ارجنٹائن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے فائنل میں شاندار انداز میں جگہ بنا لی، جبکہ انگلینڈ کو آخری لمحات میں شکست کے باعث مایوس کن انداز میں ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا۔
میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں بھرپور حملوں کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہیں۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں انگلینڈ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور انتھونی گورڈن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔
ارجنٹائن نے اس کے بعد شاندار کم بیک کیا۔ کپتان لیونل میسی نے اپنی غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں گولوں میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ میچ کے آخری لمحات میں میسی کی خوبصورت پاس پر اینزو فرنانڈیز نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔
جب میچ اضافی وقت کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا تھا تو سٹاپیج ٹائم میں ایک مرتبہ پھر میسی نے انتہائی عمدہ کراس دیا، جسے لاؤتارو مارٹینیز نے پانچ میٹر کے فاصلے سے شاندار ہیڈر کے ذریعے جال کی نذر کرکے ارجنٹائن کو 1-2 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔ یہ ٹورنامنٹ میں لاؤتارو مارٹینیز کا تیسرا گول تھا۔
اس فتح کے ساتھ ہی لا البی سیلیستے نے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں وہ عالمی اعزاز کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گے۔ دوسری جانب انگلینڈ کے لیے یہ شکست انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوئی، کیونکہ وہ جیت کے قریب پہنچ کر آخری لمحات میں کامیابی سے محروم ہو گئے۔











