لندن: برطانوی بادشاہ کنگ چارلس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز سے کلیرنس ہاؤس میں ملاقات کی، جس پر قومی ٹیم کے اسٹار کرکٹر بابر اعظم نے خوشی کا اظہار کیا۔
کنگ چارلس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا استقبال کیا اور ملاقات کے دوران کھلاڑیوں سے کرکٹ سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔
ملاقات کے بعد بابر اعظم نے اسکائی اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہا کہ “آج اصل بادشاہ سے مل کر بہت اچھا لگا۔
ملاقات کی تصاویر بعد ازاں بکنگھم پیلس کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں، جن میں کنگ چارلس کو پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ بکنگھم پیلس کی جانب سے بتایا گیا کہ بادشاہ نے پاکستانی ٹیم کا کلیرنس ہاؤس میں استقبال کیا۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران کرکٹ کے علاوہ پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے کنگ چارلس کو خصوصی تحفے کے طور پر کرکٹ بیٹ بھی پیش کیا۔











