سکرنڈ (رپورٹ: راج کمار اوڈ) سندھ تھیئکرز فورم کے چیئرمین سید منیر شاہ ذاکری نے سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی جانب سے نئے صوبوں کے حوالے سے بحث کے لیے پیش کی گئی رائے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ایک تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی وحدت ہے، اس کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی۔
سید منیر شاہ ذاکری نے کہا کہ سندھ کے مسائل کا حل نئے صوبے بنانا نہیں بلکہ عوام کو بنیادی سہولیات، بہتر انتظامیہ اور انصاف کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام جیسے حساس معاملے پر بحث سے قبل سندھ کے عوام کی رائے کو اہمیت دی جائے اور کسی بھی فیصلے میں عوام کو اعتماد میں لیا جائے۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ سندھ کی وحدت اور سالمیت کے حوالے سے اپنا واضح مؤقف پیش کریں اور عوام کے جذبات کا احترام کریں۔











