17

جہلم ویلی میں انتظامی ایکشن تیز، زیرِ التواء معاملات نمٹانے کی ہدایت

جہلم ویلی ( شاہد عزیز کیانی) ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی محترمہ عفت اعظم کی زیرِ صدارت انتظامی امور کے جائزہ کے حوالے سے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر محترمہ عفت اعظم کی زیرِ صدارت ضلع جہلم ویلی میں جاری مختلف انتظامی امور، عوامی مسائل کے حل اور محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ انتظامی افسران و اہلکاران نے شرکت کی اور اپنے اپنے شعبہ جات سے متعلق پیش رفت سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، زیرِ التواء معاملات و شکایات، یونین کونسلز سے متعلق امور، مختلف کیسز کی پیش رفت، سرکاری ریکارڈ سے متعلق معاملات، خریف 2026 کی گرداوری، تجاوزات کے خاتمے، پرائس کنٹرول اور ٹریفک چیکنگ سمیت متعدد اہم انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محترمہ عفت اعظم نے متعلقہ افسران سے مختلف امور پر عملدرآمد کی صورتحال دریافت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی نوعیت کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور زیرِ التواء امور کو مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے۔ انہوں نے امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانے، قانون و ضابطے پر سختی سے عملدرآمد، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور انتظامی معاملات کی مسلسل نگرانی پر زور دیا۔محترمہ عفت اعظم نے پرائس کنٹرول کے نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کی جائے اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اسی طرح تجاوزات کے خاتمے اور بازاروں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر اقدامات کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں خریف 2026 کی گرداوری سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اہلکاروں کو ریکارڈ کی بروقت تکمیل اور درستگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری امور میں شفافیت، درست ریکارڈ اور بروقت کارروائی انتظامیہ کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اجلاس میں دی گئی ہدایات پر مقررہ ٹائم لائن کے مطابق عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے تاکہ ضلع جہلم ویلی میں انتظامی امور کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو بہتر انتظامی سہولیات کی فراہمی، ان کے مسائل کا فوری ازالہ اور ضلع میں قانون و نظم و ضبط کے مؤثر قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں