راولپنڈی (خبرنگار)سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جب بھی کشمیر پر کوئی نیاڈیزائن تیار کیا گیا مسلم کانفرنس کو اقتدار سے الگ کر دیاگیا، مسلم کانفرنس ہی واحد جماعت ہے جو تقسیم کشمیر میں رکاؤٹ ہے، مسلم کانفرنس نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے کو گھر گھر پہنچایا، پاکستان کی تین بڑی سیاسی جماعتوں نے کشمیر کے حالات کو خراب کیا، تینوں سیاسی جماعتیں بڑی سیاسی جماعتیں ہیں کشمیر میں افراء تفری اور انتشاری ماحول کو ختم کر سکتے ہیں لیکن لگتا ہے ان کی منزل صر ف اقتدار
ہے، حکمران اور حکومت پورے خطہ کی ہوتی ہیں،مجاہداول سردار عبدالقیوم خان نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے جیلیں کاٹیں، وقت آنے پر ہمیں بھی جیل کاٹنا پڑی تو کاٹ لیں گے مگر تحریک آزادی کشمیر پر خاموشی اختیار نہیں کرینگے، مسئلہ کشمیر کوئی عام مسئلہ نہیں کہ اس کو راتوں رات ختم کر دیا جائے گا، ہندوستان اس وقت بیک وقت بڑی سازشوں میں مصروف ہے اور کشمیریوں اور پاکستانی قوم کو لڑانے اور ان کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ ہار اور جیت میدان کا حصہ ہوتی ہے اور پارلیمانی نظام میں ایسا ہوتا رہتا ہے، تاریخ اٹھا کر دیکھیں کہ جو بھی ایک الیکشن میں کامیاب ہوتاہے دوسرے میں ہار جاتا ہے مسلم کانفرنس طویل عرصہ اقتدار میں رہی، میرے حریف ایک شریف النفس انسا ن ہیں اور میں نے نتائج کے چند گھنٹوں بعد انھیں مبارکباد دی، پانچ سال عوام ان کے اقتدار سے واقف ہو جائیں گے پھر پانچ سال بعد دیکھا جائے گا کہ جن لوگوں نے انھیں مسلم کانفرنس نومور کا نعرہ دیا تھا انھوں نے حلقہ کے عوام کے لئے کیا کیا اور تحریک آزادی کشمیر کے لئے کیا کیا۔
134











