7

انتخابی کامیابی دراصل عوام کے اعتماد اور محبت کا مظہر ہے،چوہدری محمد رزاق

سماہنی (تحصیل رپورٹر) ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد رزاق سے سماہنی میں مختلف عوامی وفود نے ملاقاتیں کیں اور انہیں حالیہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ وفود نے چوہدری محمد رزاق کی کامیابی پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور حلقہ سماہنی کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد رزاق نے عوامی وفود کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انتخابی کامیابی دراصل عوام کے اعتماد اور محبت کا مظہر ہے۔ عوام نے جو ذمہ داری ان کے سپرد کی ہے، اسے پوری دیانت، اخلاص اور محنت کے ساتھ نبھایا جائے گا۔ حلقہ سماہنی کے بنیادی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔چوہدری محمد رزاق نے کہا کہ سماہنی کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کا ازالہ اور حلقے میں پائیدار ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ سڑکوں، صحت، تعلیم، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے متعلقہ فورمز پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی اور دستیاب وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔انہوں نے اپنی انتخابی کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور پارٹی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کی راہنمائی، کارکنان کی محنت اور عوام کے اعتماد سے انہیں کامیابی حاصل ہوئی۔ وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔ممبر قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ سیاست کا مقصد عوام کی خدمت اور علاقے کی بہتری ہے۔ وہ حلقے کے عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں گے، ان کے مسائل سنیں گے اور انہیں حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر عملی اقدامات کیے جائیں گے۔عوامی وفود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حلقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح کے لیے چوہدری محمد رزاق کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقے کی مجموعی صورتحال اور مختلف ترقیاتی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں