10

نیلم میں ویکسی نیشن مہم کا جائزہ، 100 فیصد ہدف کے حصول پر زور

نیلم (بیورورپورٹ) محکمہ صحت عامہ نیلم کے زیر اہتمام حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام (EPI) مراکز اور مختلف ویکسی نیشن مہمات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع نیلم میں 13 مختلف وبائی امراض کے خلاف جاری حفاظتی ٹیکہ جات کی مہمات، ویکسی نیشن کوریج، فیلڈ کارکردگی اور عوام کو حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر نیلم چودھری اقبال حسن تھے جبکہ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سردار سجاد مغل نے کی۔اجلاس میں ڈاکٹر حمزہ اکرام، اسسٹنٹ ڈائریکٹر EPI و سرویلنس سید مبشر گیلانی،ڈی ایس وی ضیاء الدین ضیاء،سمیت ویکسی نیٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چودھری اقبال حسن نے کہا کہ صحت عامہ کسی بھی معاشرے کی بنیادی ضرورت اور ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ صحت مند معاشرہ ہی تعلیمی، معاشی اور سماجی ترقی کی بنیاد بنتا ہے۔ بچوں کو وبائی اور مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی ٹیکہ جات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جبکہ اس قومی فریضے کی تکمیل میں ویکسی نیٹرز کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دور دراز اور دشوار گزار علاقوں پر مشتمل ضلع نیلم میں محکمہ صحت عامہ کے اہلکار خصوصاً ویکسی نیٹرز مشکل حالات میں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکے فراہم کر رہے ہیں جو قابل تحسین امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی کامیابی ویکسی نیٹرز کی محنت، ذمہ داری، پیشہ ورانہ دیانت اور عوام کے ساتھ مؤثر رابطے پر منحصر ہے۔ حفاظتی ٹیکہ جات کے ذریعے بچوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ بنا کر نہ صرف قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں بلکہ معاشرے کو بیماریوں کے پھیلاؤ سے بھی محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ویکسی نیشن کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا بھی محکمہ صحت کی اہم ذمہ داری ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں اور ویکسی نیشن ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے ویکسی نیٹرز پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں اپنی ذمہ داریاں مزید محنت، جذبے اور لگن سے سرانجام دیں تاکہ ضلع نیلم میں حفاظتی ٹیکہ جات کا ہدف سو فیصد حاصل کیا جا سکے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سردار سجاد مغل نے کہا کہ محکمہ صحت عامہ ضلع نیلم میں حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نے ویکسی نیٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ علاقوں تک ویکسین کی بروقت رسائی اور بچوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنانا محکمہ صحت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اجلاس کے دوران ڈاکٹر حمزہ اکرام اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر EPI و سرویلنس سید مبشر گیلانی نے ویکسی نیٹرز کو مختلف وبائی امراض، حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت، ویکسی نیشن مہمات، بیماریوں کی روک تھام اور سرویلنس کے حوالے سے تفصیلی ہیلتھ سیشن دیا۔ مقررین نے ویکسی نیشن کے مقررہ اہداف کے حصول، فیلڈ میں درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔اجلاس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ویکسی نیٹرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں حسنِ کارکردگی کے سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال آٹھمقام کی دو خواتین ویکسی نیٹرز جبکہ سول ہسپتال شاردہ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کیل کے ویکسی نیٹرز کو بہترین کارکردگی پر حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ویکسی نیشن صرف ایک طبی سرگرمی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو محفوظ اور صحت مند بنانے کی قومی ذمہ داری ہے۔ ضلع نیلم جیسے دشوار گزار خطے میں ویکسی نیٹرز کی خدمات عوامی صحت کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر محکمہ صحت عامہ کے افسران نے ویکسی نیٹرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے حفاظتی ٹیکہ جات کی مہمات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں