مظفرآباد(خبرنگار)آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے مزید تین سیاسی جماعتوں پاکستان نظریاتی پارٹی آزادجموں وکشمیر، پاکستان مسلم لیگ آزادجموں وکشمیر اور تحریک جوانان پاکستان جموں وکشمیرکورجسٹرڈ کر لیا۔ اب الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد 19 ہو گئی ہے۔ ترجمان آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے دستاویزات مکمل ہونے پر تین مزید سیاسی جماعتوں پاکستان نظریاتی پارٹی آزادجموں وکشمیر، پاکستان مسلم لیگ آزادجموں وکشمیر، تحریک جوانان پاکستان جموں وکشمیرکو بھی رجسٹرڈ کر لیا ہے۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن کے ایکشن پلان کے مطابق سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے لئے 30 مئی 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم بعد ازاں مزید سیاسی جماعتوں کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے رجسٹریشن کا موقع فراہم کرنے کے پیش نظر اس مدت میں 10جون 2026 تک توسیع کر دی گئی تھی۔ پریس ریلیز کے مطابق وہ تمام سیاسی جماعتیں جو آزاد جموں وکشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کے تحت مقررہ شرائط اور قانونی معیار پر پورا اترتی ہیں اپنی درخواستیں مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ 10 جون 2026 تک آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن میں جمع کروا سکتی ہیں۔ الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل کے انعقاد کے لئے تمام قانونی تقاضے بر وقت مکمل کرنے اور انتخابی نظام کو مزید مضبوط و مؤثر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
6










