مظفرآباد ( خبرنگار )آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ، وزراء حکومت چوہدری قاسم مجید، سردار جاوید ایوب، سید بازل علی نقوی دیوان علی خان چغتائی ،سردار ضیاءاالقمر ، چیف سیکرٹری اور آئی جی نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مالیاتی نظم و ضبط سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے بجٹ تیاری کے حوالے سے پیش رفت اور دستیاب مالی وسائل کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ کو عوام دوست، متوازن اور ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ ریاست بھر میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کے حل، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور سماجی شعبوں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت، مالیاتی ذمہ داری اور عوامی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے قابل عمل تجاویز بجٹ میں شامل کی جائیں تاکہ ریاست کی پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔اجلاس میں آئندہ بجٹ کو ریاستی عوام کی توقعات کے مطابق بنانے اور معاشی استحکام کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس سے قبل وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے چیف سیکرٹری خوشحال خان اور آئی جی پی لیاقت علی ملک نے ملاقات کی اور آزادکشمیر کی مجموعی صورتحال ہر تبادلہ خیال کیا۔۔دریں اثناء وزیراعظم نے انتظامی امور سے متعلق تقریبا 200 فائلوں پر دستخط کئے جس سے بڑے عرصے سے زیر التواء عوامی مفاد کے کیسز یکسو ہوے۔ان میں سے 150 فائلیں ملازمین کی اپیل کی تھیں جو 2022 سے زیر التواء تھیں
2










