پاکستان کی سیاست میں بعض اوقات ایسے معاملات سامنے آتے ہیں جو بظاہر انتظامی نوعیت کے دکھائی دیتے ہیں، مگر ان کے اثرات براہِ راست سیاست، اقتدار، وسائل کی تقسیم اور عوامی نمائندگی تک پہنچتے ہیں۔ نئے صوبوں کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ یہ محض انتظامی حدود کی تبدیلی نہیں، بل کہ ریاستی نظام، سیاسی طاقت اور وسائل کی تقسیم سے جڑا ہوا ایک اہم سوال ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی بات جب بھی سامنے آتی ہے تو سیاسی ایوانوں میں بحث تیز اور عوامی حلقوں میں توقعات بڑھ جاتی ہیں۔
اس وقت نئے صوبوں کے قیام کے لیے قانون سازی اور مختلف انتظامی پہلوؤں پر مشاورت کا عمل جاری ہونے کی بات کی جا رہی ہے۔ یہ معاملہ موجودہ اسمبلی کے ذریعے آگے بڑھتا ہے یا آئندہ اسمبلی اس کی تکمیل کرتی ہے، اصل اہمیت اس امر کی ہے کہ اس بار بحث کو محض سیاسی نعرے یا انتخابی وعدے تک محدود نہ رکھا جائے۔ اگر واقعی نئے صوبوں کے قیام کا ارادہ موجود ہے تو اس کے لیے واضح آئینی، قانونی، انتظامی اور مالیاتی لائحۂ عمل سامنے آنا چاہیے۔
پاکستان میں نئے صوبوں کا مطالبہ کوئی نیا نہیں۔ مختلف علاقوں سے وقتاً فوقتاً یہ آواز اٹھتی رہی ہے کہ موجودہ صوبائی ڈھانچا آبادی، جغرافیائی وسعت اور انتظامی ضروریات کے اعتبار سے عوامی مسائل حل کرنے کے لیے کافی نہیں۔ بڑے صوبوں میں بعض علاقے یہ شکایت کرتے ہیں کہ ترقیاتی وسائل، سرکاری اداروں، روزگار کے مواقع اور انتظامی سہولتوں کا بڑا حصہ چند بڑے شہروں تک محدود ہو جاتا ہے۔ نتیجتاً، دور دراز علاقوں کے شہری خود کو فیصلہ سازی کے مراکز سے دور محسوس کرتے ہیں۔
یہی وہ بنیادی نکتہ ہے جہاں نئے صوبوں کی ضرورت کا مقدمہ مضبوط ہوتا ہے۔ اگر ایک صوبہ اتنا وسیع ہو کہ اس کے دور افتادہ علاقے کے شہری کو معمولی سرکاری کام کے لیے بھی طویل سفر کرنا پڑے تو انتظامی ڈھانچے پر نظرِثانی کی ضرورت ضرور پیدا ہوتی ہے۔ حکومت کا کام صرف دارالحکومت میں بیٹھ کر فیصلے کرنا نہیں، بل کہ ریاستی سہولتوں کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا بھی ہے۔ بہتر حکمرانی کا تقاضا یہی ہے کہ انتظامی اکائیاں عوام کی ضروریات کے مطابق تشکیل دی جائیں۔
تاہم، نئے صوبوں کا قیام اتنا سادہ معاملہ بھی نہیں۔ اس کے لیے آئینی ترامیم، سیاسی اتفاقِ رائے، انتظامی تقسیم، مالی وسائل، سرکاری ملازمین، اثاثوں اور محکموں کی تقسیم جیسے کئی پیچیدہ معاملات کو حل کرنا ہوگا۔ نئے صوبے کا دارالحکومت کہاں ہوگا؟ سرکاری اداروں کی تقسیم کس بنیاد پر ہوگی؟ ملازمین کس صوبے میں جائیں گے؟ وسائل کی تقسیم کیسے ہوگی؟ نئے صوبے اپنے اخراجات کیسے پورے کریں گے؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کے واضح جواب قانون سازی سے پہلے ضروری ہیں۔
سب سے بڑھ کر سیاسی اتفاقِ رائے ناگزیر ہے۔ پاکستان میں صوبوں کی تشکیل کسی ایک جماعت یا حکومت کا فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔ یہ قومی نوعیت کا معاملہ ہے، اس لیے پارلیمان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں، متعلقہ علاقوں کے نمائندوں اور عوامی حلقوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہوگا۔ اگر کسی ایک سیاسی جماعت نے اسے اپنی انتخابی کامیابی یا اقتدار کی حکمتِ عملی بنا لیا تو یہ معاملہ اصلاح کے بجائے سیاسی کشمکش کا نیا میدان بن سکتا ہے۔
یہاں حکومت کے ساتھ اپوزیشن کا کردار بھی اہم ہوگا۔ حزبِ اختلاف اگر محض مخالفت برائے مخالفت کے بجائے قانون سازی کے عمل میں تعمیری کردار ادا کرے اور حکومت اگر عددی اکثریت کے زور پر فیصلہ مسلط کرنے کے بجائے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کرے تو یہ پاکستان کی پارلیمانی سیاست کے لیے بھی ایک مثبت مثال بن سکتی ہے۔ بڑے قومی فیصلے اسی وقت دیرپا بنتے ہیں جب ان کے پیچھے وسیع تر سیاسی اور عوامی حمایت موجود ہو۔
نئے صوبوں کی بحث میں وسائل کی تقسیم سب سے حساس مسئلہ بن سکتی ہے۔ صوبہ بنانا آسان، اسے چلانا مشکل ہوتا ہے۔ نئی اسمبلی، سیکریٹریٹ، ہائی کورٹ، انتظامی ڈھانچا، پولیس، سرکاری محکمے اور دیگر ادارے قائم کرنے کے لیے بڑے مالی وسائل درکار ہوں گے۔ اگر نئے صوبے مالی طور پر کمزور ہوئے تو عوام کو انتظامی سہولت دینے کے بجائے ریاستی اخراجات کا بوجھ مزید بڑھ سکتا ہے۔ اس لیے کسی بھی نئی انتظامی اکائی کی تشکیل سے پہلے اس کی معاشی استعداد کا سنجیدہ جائزہ ضروری ہے۔
اس کے ساتھ یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ صرف صوبے بڑھا دینے سے عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اگر اختیارات صوبائی دارالحکومتوں تک محدود رہے تو عام آدمی کے لیے تبدیلی محض نقشے پر ہوگی۔ اصل ضرورت اختیارات کو ضلع، تحصیل اور مقامی حکومتوں تک منتقل کرنے کی ہے۔ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر نئے صوبوں کا تصور بھی اپنی مکمل افادیت حاصل نہیں کر سکتا۔ عوام کو اقتدار کے مراکز کے قریب لانا ہی حقیقی انتظامی اصلاح کی علامت ہوگا۔
سیاسی اعتبار سے دیکھا جائے تو نئے صوبے کئی جماعتوں کے لیے ایک بڑا امتحان بھی ثابت ہوں گے۔ جو سیاسی قوتیں برسوں سے نئے صوبوں کے مطالبے کی حمایت کرتی رہی ہیں، انہیں اب یہ واضح کرنا ہوگا کہ ان کے پاس اس حوالے سے عملی منصوبہ کیا ہے۔ عوام بھی اب صرف نعروں سے مطمئن نہیں ہوں گے۔ انہیں یہ جاننے کا حق ہے کہ نئے صوبے سے ان کی زندگی میں کیا بدلے گا، روزگار کے کتنے مواقع پیدا ہوں گے، تعلیم اور صحت کی سہولتیں کیسے بہتر ہوں گی اور ترقیاتی وسائل کی تقسیم کس انداز میں ہوگی۔
یہ بھی ضروری ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل کو لسانی، نسلی یا علاقائی تعصب کا رنگ نہ دیا جائے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ پہلے ہی ایسے تجربات سے گزری ہے جہاں انتظامی مطالبات نے شناخت اور سیاست کی حساس بحث کو جنم دیا۔ اس لیے نئی انتظامی تقسیم کا بنیادی جواز عوامی سہولت، بہتر حکمرانی اور متوازن ترقی ہونا چاہیے، نہ کہ کسی خاص گروہ کو سیاسی طور پر مضبوط یا کمزور کرنا۔ قومی وحدت کے تقاضوں کو ہر مرحلے پر مقدم رکھنا ہوگا۔
اگر قانون سازی واقعی اس مرحلے تک پہنچ رہی ہے جہاں نئے صوبوں کے قیام کے لیے عملی اقدامات زیرِغور ہیں تو یہ ایک بڑی سیاسی پیش رفت ہو سکتی ہے۔ تاہم، اس عمل کو جلد بازی کے بجائے مکمل تیاری، شفاف مشاورت اور آئینی تقاضوں کے مطابق آگے بڑھانا ہوگا۔ موجودہ اسمبلی یہ کام مکمل کرتی ہے یا آئندہ اسمبلی اس کی ذمہ داری اٹھاتی ہے، اہم بات یہ ہے کہ فیصلہ سیاسی مفاد سے بلند ہو کر قومی مفاد میں کیا جائے۔ یہی طرزِ عمل اس اہم اصلاح کو متنازع ہونے سے بچا سکتا ہے۔
پاکستان کو آج صرف نئے صوبوں کی نہیں، بل کہ نئے طرزِ حکمرانی کی ضرورت ہے۔ ایسا نظام جس میں اقتدار چند مراکز میں مرتکز نہ ہو، وسائل کی تقسیم شفاف ہو، انتظامیہ عوام کے قریب ہو اور عام شہری کو اپنے جائز کام کے لیے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ اگر نئے صوبوں کے قیام کے ساتھ انتظامی اصلاحات، مضبوط بلدیاتی نظام اور اختیارات کی حقیقی منتقلی بھی یقینی بنائی جائے تو یہ تبدیلی محض سیاسی اعلان نہیں رہے گی، بل کہ عوامی زندگی میں بھی محسوس ہوگی۔
نئے صوبے بنانا اگر محض سیاسی نقشہ تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے تو اس سے کوئی بڑا انقلاب نہیں آئے گا؛ لیکن اگر یہ اختیارات کی حقیقی منتقلی، انتظامی اصلاحات، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی نمائندگی کو مضبوط بنانے کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے تو پھر یہ پاکستان کی سیاست میں ایک نئے باب کا آغاز ضرور ہو سکتا ہے۔ اب فیصلہ صرف یہ نہیں ہونا چاہیے کہ نیا صوبہ کہاں بنے گا؟ اصل سوال یہ ہے کہ نیا صوبہ بننے کے بعد عوام کی زندگی کتنی بدلے گی؟ کیوں کہ عوام کو نئے نقشے نہیں، نیا نظام اور بہتر حکمرانی چاہیے۔











