اسلام آباد (سٹی رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین، اپوزیشن لیڈر سینیٹ آف پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حضور اکرم ص اخلاقِ کریمہ کا پیکر تھے، اللہ تعالیٰ نے آپ ص کو عظیم اخلاق کا مالک قرار دیا۔ عظیم اخلاق کا مالک انسان نہ تو کسی کی توہین کرتا ہے اور نہ ظلم کرتا ہے۔ اگر ہم حضور اکرم ص کے نقشِ قدم پر چلنے کے دعوے دار ہیں تو ہمیں اپنے اندر اخلاقِ حسنہ پیدا کرنا ہوں گے۔پاکستان میں اتحاد و وحدت اور قانون و انصاف کی بالادستی قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی میزبانی میں ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ’’عشقِ پیغمبرِ اعظم ص کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس میں ملک کی بڑی مذہبی جماعتوں کے سربراہان، قائدین، علماء کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ آج مذہبی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو ایسے ہتھکنڈوں سے دور رکھے جو انہیں مسلکی اختلافات اور باہمی انتشار کی طرف لے جاتے ہیں۔ ہمیں اس حقیقت کا ادراک ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے بعض اتحادی پاکستان کو مضبوط اور مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے، مگر افسوس کہ ہمارے حکمران ان طاقتوں کے سب سے زیادہ تابعدار بنے ہوئے ہیں۔ یہی طرزِ حکمرانی ملک کو موجودہ صورتحال تک لے کر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سینیٹ آف پاکستان میں ظلم و ناانصافی کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے امریکی و اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کی اور اتحاد و وحدت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے ایرانی عوام اور قیادت کی جانب سے امریکی دباؤ کے مقابلے میں مزاحمت کو ایک عظیم کارنامہ قرار دیتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ مہمانِ خصوصی وزیر مذہبی امور خیبر پختونخوا عدنان قادری نے خطاب کرتے ہوئے حضرت محمد مصطفیٰ ص اور آلِ محمدؐ سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا اور اتحادِ امت کی اہمیت پر زور دیا۔ جماعت اہلِ حرم کے سربراہ گلزار نعیمی نے کہا کہ مذہبی قیادت اتحاد و وحدت کے لیے کوشاں ہے اور امت کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر مشترکہ اسلامی اقدار کے لیے متحد ہونا چاہیے، کانفرنس سے ملی یکجہتی کونسل کے دیگر رہنماؤں علامہ عارف واحدی، عبدالقدوس، قاری محمد عمیر آصف، عبدالحمید گل، ڈاکٹر علی عباس، طیب شاہ بخاری، سلطان قادری، سید عبدالوحید شاہ، پیر سید سعادت علی شاہ اور ڈاکٹر ضمیر اختر نے بھی خطاب کیا۔ اور امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محبتِ رسول ص اتحادِ امت، مذہبی ہم آہنگی، ملکی سلامتی اور قانون کی بالادستی کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اس موقع پر ہاتھ میں ہاتھ دیگر اتحاد و وحدت کا۔عملی مظاہرہ بھی کیاگیا۔
4











