7

دھرنے ختم کرکے آئیں مذاکرات کریں، نوازشریف،کشمیریوں سے اپیل

لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر اور مرکزی قیادت نے شرکت کی۔نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مسئلہ کشمیر پر واضح مؤقف رکھتی ہے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کے آئینی و بنیادی حقوق اور ترقی کو پارٹی کی ترجیح قرار دیا۔انہوں نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو آئینی دائرے میں رہ کر حل کیا جانا چاہیے اور تمام سیاسی قوتوں کو مل کر امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے ختم کر کے بامقصد مذاکرات کی طرف بڑھنا چاہیے۔اجلاس میں حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کے لیے دعا کی گئی۔ شرکاء نے امن، رواداری اور انتخابی عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔نواز شریف نے انتخابی امور اور تنظیمی مہم کی بہتری پر وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی خدمات کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں