8

عنوان وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کا 12 ربیع الاول پر خصوصی پیغام، اسوۂ رسول ﷺ کی پیروی سے امن و مثالی معاشرے کے قیام پر زور

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے 12ربیع الاول کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ تاجدار مدینہ ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی ذات سے لے کر معاشرے تک پھیلے ہوئے ہر مرحلے میں اصلاح کا عمل شروع کردیا جائے تو معاشرہ جنت کانمونہ بن جائے گا، اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضا قائم کرنے کیلئے اسوہئ رسولﷺ کی پیروی ضروری ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کا مقدس دن ہمارے لئے تذکیروتجدید عہد کادن ہے تاکہ اہل اسلام تعلیمات نبویﷺ سے اپنا رشتہ مزید مضبوط بنا کر اپنے معاشرے کو مثالی معاشرہ بناسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپؐ کی آفاقی تعلیمات کاخلاصہ یہ ہے کہ زندگی کے ہر معاملے میں میانہ روی اختیار کی جائے، کسی بھی حالت میں انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے اور ٹوٹے ہوئے رشتوں کو پھر سے جوڑ دیا جائے۔ آپؐ کی تعلیمات دکھی انسانیت کے لئے خوشیوں کی نوید ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پرمسرت اور بابرکت موقع پر مسلمانانِ عالم، خصوصاً تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ اس دن کی فضلیت،سعادت و برکت سے ہر مسلمان کا دل منوراور روشن کر دے اور وطن عزیز کو اس یومِ مبارک کے فیوض و برکات سے مالا مال کر دے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خاتم النبین آنحضرت محمد ﷺ صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ ساری بنی نوع انسان اور تمام کائنات کیلئے رحمتہ العالمین بن کر تشریف لائے۔ اس لحاظ سے 12ربیع ا لا ول کا دن تاریخ اسلام کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کاعظیم ترین دن ہے۔ آج اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضاء قائم کرنے کیلئے اسوہئ رسولﷺ کی پیروی ضروری ہے کیونکہ ہماری بقاء اور دینی و دینوی کامیابی اسی اسوہئ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجااور آپؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ حضرت محمدؐ کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ نبی پاکؐنے اپنے اسوہ حسنہ کی بدولت مختصر مدت میں پوری دنیا کو مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔ نبی آخرالزماں ؐ نے امن وآشتی،اخوت،احترام انسانیت، مساوات، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا۔نبی پاکؐ کا اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن تاریخ بنی نوع انسان کی عظمت کی معراج کا دن ہے کیونکہ آج کے روز رب ذوالجلال نے وجہ کائنات حضرت محمدﷺ کی پیدائش کا دن رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں