لا ہور ( نمائندہ اگلاقدم )وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف سے ملاقات کی اور کشمیر میں نئے وزیراعظم کی نامزدگی پر غور کیا گیا۔ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کشمیر میں نئے وزیراعظم کو نامزد کرنے کے حوالے سے بھی غور و خوض جاری رہا۔وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کی ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی، ملاقات ختم ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف جاتی امراء سے واپس روانہ ہوگئے۔وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ذرائع کے مطابق دو گھنٹے طویل ملاقات کے ایجنڈے میں سرفہرست سپریم کورٹ کا بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال شفٹ کرنے کا فیصلہ رہا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میاں نواز شریف کو بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال کے بجائے پمز چیک اپ کی وجوہات سے آگاہ کیا۔ملاقات میں سیاسی حکمت عملی اور قانونی آپشنز پر مشاورت کی گئی، پی ٹی آئی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست اور اس کے قانونی جواب کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔ذرائع کے مطابق صدر ن لیگ میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مزید کسی سیاسی و آئینی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ملاقات میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے لیے مختلف نام بھی زیر غور آئے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ملاقات میں شریک ہوئیں۔
32











