11

ضلع بھبر کے حلقہ سماہنی میں متعدد مسلم لیگی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل

سماہنی
(تحصیل رپورٹر/محبوب چوہدری)
ضلع بھمبر کے انتخابی حلقہ سماہنی میں استحکام پاکستان پارٹی کو اس وقت اہم سیاسی تقویت حاصل ہوئی جب مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی حلقہ کی متعدد بااثر سیاسی، سماجی اور نامور شخصیات نے اپنے کنبے قبیلے سینکڑوں ساتھیوں اور حامیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے پارٹی کے نامزد امیدوار برائے قانون ساز اسمبلی چوہدری علی شان سونی کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔
سماہنی کے مقامی میرج ہال میں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع اور پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران راجہ فاروق خان ایڈووکیٹ (چاہی)، راجہ خالد محمود خان ایڈووکیٹ (بنڈی)، ریٹائرڈ ایس پی راجہ طارق محمود خان (بڑھو)، سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راجہ صابر خان (بنڈالہ)، راجہ ماجد علی خان ایڈووکیٹ، راجہ زاہد ایڈووکیٹ (درہال)، حاجی شکیل احمد اور دیگر شخصیات نے مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔
اس سے قبل راجہ فاروق خان ایڈووکیٹ کی جنڈی چونترہ آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ پونا، چاہی اور ملحقہ علاقوں سے آنے والے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے بڑے قافلوں نے انہیں جنڈی چونترہ سے استقبالی جلوس کی صورت میں پریس کانفرنس کے مقام تک پہنچایا۔ اس موقع پر کارکنان نے نعرے بازی کی، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور اپنی قیادت سے بھرپور وابستگی کا اظہار کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق خان ایڈووکیٹ، راجہ خالد محمود خان ایڈووکیٹ، ریٹائرڈ ایس پی راجہ طارق محمود خان، راجہ ماجد علی خان ایڈووکیٹ اور راجہ صابر خان نے مشترکہ طور پر اعلان کیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں اور آئندہ انتخابات میں چوہدری علی شان سونی کی مکمل حمایت کریں گے۔
راجہ خالد محمود خان ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 13 جولائی یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر وہ تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل جلد ممکن ہو سکے گا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے نامزد امیدوار چوہدری علی شان سونی نے نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جماعت کی مرکزی قیادت کی جانب سے تمام شخصیات کے شکر گزار ہیں جنہوں نے موجودہ سیاسی حالات میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ سماہنی میں عوام کی بڑی تعداد پارٹی کے منشور اور قیادت پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہے جس سے آئندہ انتخابات میں کامیابی کے امکانات مزید روشن ہوئے ہیں۔ مخالف امیدواروں کو کہتا ہوں یہ ٹریلر تھا پوری فلم ابھی باقی ہے حلقہ کی غالب اکثریت استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو رہی ہے آیندہ حکومت میں استحکام پاکستان پارٹی حکومت کا اہم۔حصہ ہوگی جو لوگ شامل ہو رہے ہیں وہ جانتے ہیں کہ حالات کیا ہونگے
انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر کی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گی اور عوامی مسائل کے حل، تعمیر و ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔ چوہدری علی شان سونی نے کہا کہ کامیابی کی صورت میں صحت، تعلیم، سڑکوں کی تعمیر، بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔
صحافیوں کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خطے میں درپیش مسائل کا حل مذاکرات اور مثبت سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے اور وہ امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
تقریب کے اختتام پر چوہدری علی شان سونی نے درہال، چاہی، پنڈ سوہلناں، گڑھا بنجاں اور دیگر علاقوں سے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے افراد کو پارٹی پرچم پہنایا۔ اس موقع پر کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے نئے سیاسی اتحاد اور شمولیتوں کا خیرمقدم کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں