12

خوشحال عباسی کا استحکامِ پاکستان پارٹی کے نامزد امیدوار حمزہ مجید بزمی کی حمایت کا اعلان

راولپنڈی(خبرنگار) استحکامِ پاکستان پارٹی کے امیدوار برائے قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر حلقہ LA-43 ویلی 4 حمزہ مجید بزمی کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سابق امیدوار اسمبلی خوشحال عباسی نے حمزہ مجید بزمی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور انتخابی مہم میں فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں آئندہ انتخابات، حلقے کی سیاسی صورتحال اور انتخابی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں محلہ عید گاہ شریف میں ایک بڑے کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جہاں حمزہ مجید بزمی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب میں جاوید کشمیری، طارق کشمیری، امین کشمیری، نعمان کشمیری، شہریار، احسان، دانیال، غفور، سائیں روشن میر سمیت دیگر معززینِ علاقہ اور بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں حمزہ مجید بزمی نے کہا کہ مہاجرینِ جموں و کشمیر کی نشستیں ان کشمیریوں کی نمائندگی کرتی ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ چھوڑ کر ہجرت کی، اس لیے چند افراد کی خواہش پر یہ نشستیں ختم نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مہاجرین کی نشستوں کے نام پر جاری ہونے والے فنڈز کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے تاکہ حقائق عوام کے سامنے آسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت، بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ویلی 4 کے دیرینہ مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ کارنر میٹنگ کے اختتام پر شرکاء نے حمزہ مجید بزمی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور ان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں