9

مخالفین عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،وزیراعظم آزادکشمیر فیصل راٹھور

ممتاز آباد، پلنگی گگڈار، بدھال( نمائندگان )آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا گگڈار اور بدھال پہنچنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں، نوجوانوں اور مقامی عوام نے والہانہ استقبال کیا اور ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر فضاء جئیے بلاول ،جئیے فریال اور جئیے فیصل کے نعروں سے گونج اٹھی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام کی محبت اور اعتماد ان کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور نوجوانوں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور یہ سفر آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد مزید تیزی سے جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے کارکنوں کے شاندار استقبال اور عوامی محبت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت اور جذبے کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔اس موقع پر متعدد افراد نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیاآزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اپنے حلقہ انتخاب کے دورے پر ممتاز آباد اور پلنگی پہنچے تو محمود گلی کے مقام پر پاکستان پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیموں پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (PSF) اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن (PYO) کے کارکنوں نے ان کے قافلے کا پرتپاک استقبال کیا۔ کارکنوں نے وزیراعظم کے قافلے کو اپنے حصار میں لے لیا جبکہ فضا “جئے بلاول”، “جئے فریال” اور “جئے فیصل” کے نعروں سے گونجتی رہی۔پلنگی میں وزیراعظم کے استقبال کے لیے نکالی گئی ریلی ایک بڑے عوامی جلسے کی صورت اختیار کر گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف اور استحکام پاکستان پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حویلی کے عوام کے پاس اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ اعزاز ہے کہ آپ کے ووٹوں کی طاقت سے پہلے میرے والد محترم وزیراعظم آزاد کشمیر بنے اور آج اللہ تعالیٰ نے آپ ہی کے ووٹوں سے مجھے بھی وزیراعظم منتخب ہونے کا اعزاز عطا کیا۔ یہ اعزاز دراصل حویلی کے عوام کا اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے صرف سات ماہ کے مختصر عرصے میں حویلی کو وہ ترقیاتی منصوبے دیے ہیں جو گزشتہ 75 برس میں نہیں دیے جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول، گرڈ اسٹیشن، ڈبل وے شاہراہ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خورشید آباد، آر سی سی پل، رابطہ پل، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر متعدد ترقیاتی منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ موجودہ حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم وعدوں کی نہیں بلکہ عملی کام کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ حویلی سمیت پورے آزاد جموں و کشمیر کی متوازن ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، اور ان شاء اللہ ترقی کا یہ سفر مزید تیزی سے جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ہے اور پیپلز پارٹی نے بھی کبھی عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی۔ آج حویلی میں جس تیزی سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ ہماری حکومت کا مقصد صرف منصوبوں کے اعلانات کرنا نہیں بلکہ انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرکے عوام کو ان کے ثمرات پہنچانا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم، صحت، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ دانش سکول، گرڈ اسٹیشن، جدید شاہراہوں، پلوں اور ہسپتالوں کے منصوبے حویلی کے عوام کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مخالفین عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر عوام باشعور ہیں اور وہ کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کرتے ہیں۔ سات ماہ کے دوران حکومت نے جو عملی اقدامات کیے ہیں، وہ خود ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے کارکنوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام کا اعتماد پیپلز پارٹی کی قیادت اور حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر مسلسل بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور اس کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو عوام کی خدمت اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ اقتدار میں آ کر حویلی سمیت آزاد جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا اور عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔ جلسے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے کارکنوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں