تہران: ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملوں کے جواب میں اسرائیل پر میزائل داغ دیے، جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے صیہونی ریاست نے بھی ایران پر بمباری شروع کر دی، ایرانی ماہ شہر میں پٹروکیمیکل کمپلیکس پر بھی حملہ کر دیا۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل فائر کیے گئے ہیں اور فضائی دفاع نظام میزائل حملوں کو ناکام بنا رہا ہے، میزائل لانچ کا پتہ چلنے کے بعد حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں میں سائرن بجا دیے گئے، آئندہ چند گھنٹوں میں ممکنہ حملوں کے پیش نظر اسرائیل ہائی الرٹ پر ہے۔ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں واقع ماہشہر شہر کے ایک اہم پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو اسرائیلی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق خوزستان کے ایک سیکیورٹی عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی افواج نے ماہشہر میں واقع کارون پیٹروکیمیکل کمپنی پر حملہ کیا۔عہدیدار کے مطابق حملے کے نتیجے میں پلانٹ کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے حال ہی میں ایران کے جنوب مغربی علاقے ماہشہر میں واقع پیٹروکیمیکل کمپلیکس کے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
5










