اسلام آباد ( خبرنگار )صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک منفرد اور قابلِ تحسین مثال قائم کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیمی قابلیت رکھنے والی خاتون امیدوار ڈاکٹر مریم ادریس کا خود انٹرویو کیا اور ان کی تعلیم، صلاحیت اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ جاری کیا۔ڈاکٹر مریم ادریس مینجمنٹ سائنسز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتی ہیں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی وسیع تجربہ اور مہارت کی حامل ہیں۔ ان کی علمی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربے اور صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے انہیں سیاسی میدان میں آگے لانے کے فیصلے کو عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر مریم ادریس کو میرٹ، تعلیم اور کارکردگی کی بنیاد پر ٹکٹ دینا مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے باصلاحیت اور تعلیم یافتہ خواتین کو سیاست میں آگے بڑھانے کے عزم کا مظہر ہے۔ڈاکٹر مریم ادریس کی کامیابی کی صورت میں انہیں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پہلی پی ایچ ڈی رکن اسمبلی بننے کا منفرد اعزاز حاصل ہوگا، جو آزاد کشمیر کی پارلیمانی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اعلیٰ تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں تجربہ رکھنے والی ڈاکٹر مریم ادریس اسمبلی میں پہنچ کر قانون سازی، تعلیم، نوجوانوں اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق امور کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
132











