اسلام آباد (خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو آزاد ریاست جموں و کشمیر کے صدر کے منصب کے لیے نامزد کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو صدارتی انتخاب میں پارٹی امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کی بطور امیدوار نامزدگی کا اعلان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان کے ذریعے کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے صدارتی منصب کے لیے ڈاکٹر نجیب نقی کو نامزد کیے جانے کے بعد آزادکشمیر کی سیاسی و حکومتی سطح پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا تعلق آزادکشمیر کے پونچھ ڈویژن، حلقہ سدھنوتی سے ہے۔ وہ آزادکشمیر کی سیاست میں ایک معروف نام کے طور پر شناخت رکھتے ہیں اور ماضی میں بھی سیاسی و حکومتی امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو صدارتی امیدوار نامزد کیے جانے کے بعد اب صدارتی انتخاب کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔ پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق ڈاکٹر نجیب نقی خان صدارتی انتخاب کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے، جس کے بعد انتخابی عمل کے آئندہ مراحل مکمل کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ آزادجموں وکشمیر کے صدر کا انتخاب قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے ذریعے عمل میں لایا جاتا ہے۔ صدارتی انتخاب کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد ان کی جانچ پڑتال اور دیگر قانونی و انتخابی مراحل مکمل کیے جائیں گے۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے صدارتی امیدوار کے نام کے اعلان کو آزادکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں اور گروپوں کی جانب سے بھی صدارتی انتخاب کے حوالے سے اپنی حکمت عملی سامنے لائے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ صدارتی الیکشن کیلئے پولنگ 24ستمبر 2026کوہوگی
109











