اسلام آباد ( خبرنگار )حلقہ ایل اے 24 بلوچ سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار برائے قانون ساز اسمبلی سردار زعیم سدوزئی نے کہا ہے کہ ہمارے لیے سیاست سے پہلے ریاست کی سلامتی اور استحکام اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور ایسے کشیدہ حالات میں انتخابات کا انعقاد مناسب اقدام نہیں۔سردار زعیم سدوزئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے بانی چیئرمین عمران خان کے وژن اور ہدایات کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرکے ثابت کیا ہے کہ جماعت اقتدار یا انتخابی مفاد سے بڑھ کر عوامی امنگوں، قومی مفاد اور ریاستی استحکام کو ترجیح دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات قومی یکجہتی، عوامی حقوق اور خطے میں امن و استحکام کے تقاضوں کے مطابق فیصلوں کا تقاضا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک انصاف عوام کے حقوق، آزاد کشمیر کے مفادات اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی انہوں نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ فوری عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے مذاکرات کرے تاکہ ریاست میں جمہوری اور پرامن ماحول میسر ہو
12











