19

پانی سے بجلی، عوام کو ریلیف؛ ہائیڈرل منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم

مظفرآباد(خبرنگار)آزادحکومت کے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر عام آدمی کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات عمل میں لا رہی ہے۔ ایسے منصوبے شروع کیے جارہے ہیں جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو۔ آزادکشمیر میں پائیدار ترقی کے اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔ توانائی عصر حاضر کی اہم ضرورت ہے۔ آزاد کشمیر میں پن بجلی کے منصوبے حکومتی ترجیحات ہیں۔ بجلی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ہائیڈرل کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے ہدایات دی جا چکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ڈی او کے صدر دفتر میں دچھور میراں مویاں سیداں ہڑیالہ کائی منجہ اور پٹھیالی پراجیکٹ سے متعلقہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹرپاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن شفیق احمد عثمانی، ڈائریکٹر انتظامیہ محمد اقبال کھوکھر، ڈائریکٹر سول طفیل حسین، ڈائریکٹر پلاننگ محمد فرید شیخ، ڈائریکٹر اسٹیٹ نسیم احمد قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر سول (پراجیکٹ) چوہدری عامر شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیشن چوہدری قدیر احمد کے علاوہ عوامی نمائندگان سید آفاق حسین سابق ممبر ضلع کونسل، ظفر اقبال عباسی سابق کونسلر، سید اقبال احمد، رضوان عباسی، اکرم عباسی، داؤد عباسی نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں ایم ڈی شفیق احمد عثمانی نے وزیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پٹھیالی کے مقام پر پانچ سو کلو واٹ کا پراجیکٹ زیر کار ہے جس کی لاگت 495.305ملین روپے ہے۔ رواں سال دسمبر تک یہ پراجیکٹ مکمل ہو جائے گا۔ اس طرح پانچ سو کلو واٹ کا دوسرا پراجیکٹ ہڑیالہ کائی منجہ پر کام جاری ہے اس کی لاگت 499.950ملین روپے ہے اور یہ پراجیکٹ بھی دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔ اسطرح 1.95میگاواٹ پراجیکٹ نوشہرہ کی لاگت 1058.880ملین روپے ہے اس پراجیکٹ کی تکمیل دسمبر 2029میں ہوگی۔ اسطرح 1.20میگا واٹ دچھور میراں، مویاں سیداں منصوبہ ہے جس کی لاگت 864.581ملین روپے ہے اس منصوبہ کی تکمیل جون 2030میں ہوگی۔ وزیر صحت عامہ نے ان پراجیکٹ کی تعمیراتی پراگرس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی او کے آفیسران پر زور دیا کہ معیار کے مطابق مقررہ مدت کے اندر ان منصوبوں کو مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو فائدہ ہو۔ ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا کہ ان چار منصوبوں کی تکمیل سے تین یونین کونسل کے عوام کو بجلی مقامی سطح پر دستیاب ہوگی۔ لوگوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں