29

ٹمبر مافیا کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ،کٹائی و اسمگلنگ پر سخت کارروائی ہوگی: وقار نور

مظفرآباد (خبرنگار)آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز وقار احمد نور کی صدارت میں محکمہ جنگلات کا ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس مظفرآباد کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا، جس میں محکمانہ کارکردگی، جنگلات کے تحفظ، وائلڈ لائف اور فشریز کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنگلات چوہدری محمد فرید، ناظم اعلٰی جنگلات پرنسپل ڈاکٹر سردار افتخار احمد، ناظم اعلٰی جنگلات علاقائی ملک اسد محمود، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر حسین، ناظم جنگلات میر نصیر، چیف پلاننگ آفیسر جنگلات سید عتیق الرحمان شیرازی، ناظم جنگلات ارتضیٰ قریشی، ناظم جنگلات سید مظہر نقوی، ناظم جنگلات سید مفسر گیلانی، ناظم جنگلات ارشد خان اور ناظم جنگلات بلال اعوان سمیت آزادکشمیر بھر سے تمام مہتممان جنگلات (DFOs) اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ آفیسران کی جانب سے وزیر جنگلات وقار احمد نور کو محکمہ کے جاری اور تجویز کردہ ترقیاتی منصوبوں، شجرکاری مہمات، جنگلات کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی کٹائی و لکڑی کی اسمگلنگ کی اجلاس میں جنگلات کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیرِ جنگلات نے ہدایت کی کہ تمام فاریسٹ گارڈز فاریسٹ گارڈ بک کے مطابق اپنے فیلڈ وزٹس یقینی بنائیں، جبکہ ڈی ایف اوز دفاتر کے بجائے فیلڈ میں زیادہ وقت گزاریں اور جنگلات کی براہِ راست نگرانی کریں۔ محکمہ جنگلات اور وائلڈ لائف کے درمیان مؤثر رابطے اور مشترکہ اقدامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں جنگلاتی اراضی کی حفاظت کے لیے GPS کے ذریعے حدبندی، جنگلات میں آگ کی بروقت نشاندہی اور روک تھام کے لیے جدید آلات و سیٹلائٹ مانیٹرنگ کے نظام، جبکہ فیلڈ اسٹاف کے رابطے کے لیے وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیرِ جنگلات نے کہا کہ ٹمبر مافیا، لکڑی چوروں اور غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ چیک پوسٹوں پر کسی قسم کے سیاسی یا سفارشی دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور غیر قانونی لکڑی کی نقل و حمل پر فوری مقدمات درج کیے جائیں گے۔ لکڑی کی شفاف نکاسی کے لیے ٹینڈرنگ کے نظام پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔ صرف جرمانے تک کارروائی محدود نہیں رکھی جائے گی بلکہ قانون کے تحت ملزمان کو سزائیں اور قید بھی دلائی جائے گی۔ محکمہ کے قانونی شعبے اور چھاپہ مار ڈویژن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے خصوصی بریفنگز بھی منعقد کی جائیں گی۔وزیرِ جنگلات نے کہا کہ آئندہ دو ماہ کے دوران محکمہ جنگلات کی کارکردگی اور فیلڈ سرگرمیوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کے تحفظ میں غفلت، غیر قانونی کٹائی یا اسمگلنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر جنگلات نے تمام آفیسران کو ہدایت کی کہ سرسبز و شاداب آزاد کشمیر کی حفاظت اور قدرتی وسائل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جنگلات کی کٹائی کی روک تھام، جنگلی حیات کے تحفظ اور فشریز سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی تاکید کی اور ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔ وزیر جنگلات نے تمام آفیسران کو عوامی خدمات کی بہتری اور محکمانہ امور میں مزید بہتری لانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں