مظفرآباد (خبرنگار)آزادکشمیر کے وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کی بھرپور اور دوٹوک ترجمانی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اقوام عالم کے سامنے اجاگر کیا اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا ایک بار پھر واضح اعادہ کیا ہے۔وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے وزیراعظم پاکستان کے خطاب پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نہ صرف کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کی بلکہ پوری امت مسلمہ کے جذبات اور مسائل کی بھی مؤثر ترجمانی کی. ان کے خطاب سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور انہیں اس امر کا مزید یقین حاصل ہوا ہے کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کا حقیقی ترجمان اور دیرینہ بہی خواہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کشمیری عوام نے اپنی سیاسی منزل کا تعین حقِ خودارادیت اور الحاقِ پاکستان کے عزم کے ساتھ کر رکھا ہے۔ سردار انجینئر نعیم خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو واضح اور دوٹوک انداز میں اجاگر کرنا ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے۔ اس سے لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ایک دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے مؤثر کردار ادا کرے
26











