10

قیادت کے فیصلوں کا خیر مقدم، آزادکشمیر میں کامیابی ن لیگ کا مقدر بنے گی،مریم ادریس

چکسواری (نمائندہ خصوصی) — مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل چوہدری عظیم بخش کو حلقہ ایل اے-2 چکسواری، میرپور سے آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے جاری کردہ فیصلے کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف اور آزاد کشمیر کی مرکزی قیادت نے چوہدری عظیم بخش پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پارٹی ٹکٹ جاری کیا ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر شعبہ خواتین کی مرکزی نائب صدر اور رکن منشور کمیٹی مریم ادریس نے اپنے بیان میں پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیادت نے حلقے کے عوام کے جذبات، امنگوں اور خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اہم فیصلہ کیا، جس پر وہ اپنی اور اہلِ علاقہ کی جانب سے تہہ دل سے مشکور ہیں۔مریم ادریس نے کہا کہ چوہدری عظیم بخش ایک متحرک سیاسی و سماجی شخصیت ہیں جنہوں نے طویل عرصے سے پارٹی کے منشور، قائدین کے پیغام اور عوامی خدمت کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے۔ ان کے بقول، پارٹی ٹکٹ کا اجراء دراصل چوہدری عظیم بخش کی سیاسی وابستگی، عوامی خدمات اور انتھک محنت کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد حلقہ ایل اے-2 کے عوام میں امید اور اعتماد کی ایک نئی فضا پیدا ہوئی ہے اور کارکنان میں جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، نظم و ضبط اور بھرپور جذبے کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ لیں۔مریم ادریس نے مزید کہا کہ وہ بطور پارٹی رہنما قیادت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہیں اور عزم کرتی ہیں کہ حلقہ ایل اے-2 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری عظیم بخش کی کامیابی کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ گھر گھر اور فرد فرد تک پارٹی منشور اور قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کا وژن پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ثابت قدمی اور محنت کے ساتھ انتخابی میدان میں متحرک رہیں، کیونکہ انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں کامیابی مسلم لیگ ن کا مقدر بنے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں