16

سردار عتیق کی حریت قیادت سے ملاقات ،مسئلۂ کشمیر پر مشترکہ جدوجہد پر اتفاق

اسلام آباد( خبرنگار )مسلم کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے اپنے وفد کے ہمراہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے اسلام آباد دفتر کا دورہ کیا، جہاں کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی کی زیرِ صدارت حریت قیادت کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ مسلم کانفرنس کے وفد میں میجر سردار نصراللہ خان، سردار عاصم عباسی اور عبدالجبّار شامل تھے۔اجلاس میں مسئلۂ کشمیر، مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، بھارتی قابض حکام کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، خطے کی مجموعی صورتحال اور مسئلۂ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے کہا کہ مسئلۂ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حق، حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے طاقت کے استعمال، پابندیوں، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں اور حریت قیادت کے درمیان مسئلۂ کشمیر پر مؤثر رابطہ، مشاورت اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کشمیری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس مسئلۂ کشمیر کو اپنی سیاسی جدوجہد کا بنیادی حصہ سمجھتی ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے اپنے والدِ محترم مجاہدِ اول، سابق صدر و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم خان مرحوم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدِ اول نے ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو اولین ترجیح دی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان کی پوری سیاسی جدوجہد کشمیر کاز سے وابستہ رہی اور مسلم کانفرنس آج بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کشمیری عوام کی جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے اور مسئلۂ کشمیر کے حوالے سے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کے ساتھ باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔اجلاس سے محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، میجر سردار نصراللہ خان اور زاہد صفی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ مسئلۂ کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل کے لیے کشمیری عوام کی امنگوں اور حقِ خودارادیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے سیاسی اور حریت قیادت کے درمیان مسلسل رابطہ اور مشترکہ حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مسئلۂ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آواز دنیا تک پہنچانے، بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں، باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا۔اس موقع پر غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم، سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب، چوہدری شاہین اقبال، انجینئر محمود، سید اعجاز رحمانی، حسن لبناء، زاہد صفی، حاجی سلطان بٹ، راجہ خادم حسین، سید مشتاق، مشتاق احمد بٹ، عدیل مشتاق وانی، نذیر احمد کرنائی، میاں مظفر، گلشن احمد، شیخ عبدالماجد، منظور احمد ڈار، محمد اشرف ڈار، زاہد اشرف، منظور احمد شاہ، سردار عاصم عباسی، عبدالجبّار افسر خان اور امتیاز وانی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔اجلاس کے اختتام پر کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی کامیابی، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی ثابت قدمی، شہداء کے درجات کی بلندی اور مسئلۂ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے خصوصی
دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں