23

حویلی کہوٹہ میں فیصل ممتاز راٹھور کی شاندار عوامی ریلی، عوامی خدمت کا سفر مزید تیز کرنے کا عزم

حویلی کہوٹہ:()وزیراعظم آزاد کشمیر و امیدوار اسمبلی حلقہ حویلی کہوٹہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ مختصر مدت میں عوام کی بھرپور خدمت کی، عوام نے دوبارہ موقع دیا تو خدمت کا یہ سفر مزید تیزی سے جاری رکھیں گے۔ عوامی مسائل کا حل اور علاقے کی تعمیر و ترقی اولین ترجیح ہے۔وہ محمود گلی سے فارورڈ کہوٹہ تک نکالی گئی شاندار عوامی ریلی کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ریلی میں بڑی تعداد میں عوام، پیپلز پارٹی کے کارکنان نے شرکت کی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی۔فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ ان کے لیے باعثِ فخر بھی ہے اور ایک بڑی ذمہ داری بھی۔ حکومت نے قلیل مدت میں عوامی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، جن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حویلی کہوٹہ کے عوام نے ہمیشہ مشکل وقت میں ساتھ دیا، عوام کی محبت اور اعتماد کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اگر دوبارہ خدمت کا موقع ملا تو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ سیاست کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔ حویلی کہوٹہ کے بنیادی مسائل، سڑکوں، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر شرکاء نے فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حویلی کے عوام اپنے قائدین سے عملی خدمت اور علاقے کی تعمیر و ترقی کی توقع رکھتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ملکی و قومی سلامتی، آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں