مظفرآباد: آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 30 مظفرآباد میں انتخابی مہم کے دوران ایک اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، سابق ممبر کشمیر کونسل انجینئر رفاقت حسین اعوان نے پارٹی کے نامزد امیدوار ڈاکٹر مصطفےٰ بشیر عباسی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
سیاسی حلقوں کے مطابق انجینئر رفاقت حسین اعوان کی دستبرداری کو مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک بڑا انتخابی بریک تھرو قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ حلقے میں مضبوط سیاسی اثر و رسوخ، وسیع عوامی روابط اور ایک فعال تنظیمی نیٹ ورک رکھتے ہیں۔ ان کی حمایت سے ڈاکٹر مصطفےٰ بشیر عباسی کی انتخابی مہم کو نمایاں تقویت ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق انجینئر رفاقت حسین اعوان نے نہ صرف ڈاکٹر مصطفےٰ بشیر عباسی کی حمایت کا اعلان کیا ہے بلکہ وہ باقاعدہ طور پر انتخابی مہم میں بھی بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں جوش و خروش کی نئی لہر دوڑ گئی ہے اور حلقے میں انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ انتخابی معرکے کے اہم مرحلے پر انجینئر رفاقت حسین اعوان کا یہ فیصلہ حلقے کی سیاسی فضا پر اثرانداز ہو سکتا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی انتخابی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔











