اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بائیکاٹ کا اعلان واپس لیتے ہوئے 10 اگست کو ہونے والے انتخابات میں وسطی باغ اور پاچھیوٹ کے حلقوں سے بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی چیئرمین عبدالعلیم خان اور مرکزی سیکریٹری جنرل میاں خالد محمود نے سردار تنویر الیاس سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں تیسرے مرحلے کے انتخابات میں ہر صورت حصہ لینے پر زور دیا۔ مرکزی قیادت نے یقین دہانی کرائی کہ پارٹی انتخابی مہم کے دوران ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور دونوں حلقوں میں کامیابی کے لیے بھرپور سیاسی، تنظیمی اور انتخابی معاونت فراہم کرے گی۔ ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت کی مشاورت کے بعد سردار تنویر الیاس نے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے دونوں انتخابی حلقوں میں اپنی انتخابی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے پارٹی کے عہدیداروں، کارکنوں اور انتخابی ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھر گھر رابطہ مہم جاری رکھیں، ووٹرز سے ملاقاتیں کریں اور انتخابی مہم کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس نے حلقہ وسطی باغ اور پاچھیوٹ میں پارٹی کارکنوں کو انتخابی سرگرمیاں مزید تیز کرنے اور ووٹرز کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی قیادت بھی آئندہ چند روز میں انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لے گی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق سردار تنویر الیاس کی جانب سے بائیکاٹ ختم کرکے انتخابی میدان میں واپسی کا فیصلہ تیسرے مرحلے کے انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کے لیے ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
18











