مظفرآباد(خبرنگار)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے-15 باغ-2 کے 9 اور حلقہ ایل اے-16 باغ-3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ری پولنگ کا فیصلہ متعلقہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں کیا گیا۔ترجمان کے مطابق دونوں حلقوں کے مجموعی طور پر 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ 15 اگست 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے-15 باغ-2 میں مجموعی طور پر 213 پولنگ اسٹیشنز میں سے 204 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج ریٹرننگ افسر کی جانب سے موصول ہوئے ہیں، جبکہ حلقہ ایل اے-16 باغ-3 میں 186 میں سے 172 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہوئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے-15 باغ-2 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 114، 135، 143، 144، 145، 146، 147، 148 اور 186 پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔اسی طرح حلقہ ایل اے-16 باغ-3 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 28، 29، 40، 49، 50، 51، 77، 91، 109، 110، 111، 112، 143 اور 149 پر بھی 15 اگست کو دوبارہ پولنگ کرائی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے متعلقہ حلقوں کے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کو اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
34











