اسلام آباد (بیورو رپورٹ)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینیئر ممبر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے امیدوار سردار منیر احمد نے پیمز ہسپتال میں 15 نومولود بچوں کی المناک اموات پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خبر نہیں بلکہ ہمارے ضمیر اور نظام کی ناکامی کا ثبوت ہے۔
سردار منیر احمد کا کہنا تھا کہ معصوم جانوں کا ضیاع صحت کے نظام، انتظام اور نگرانی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی فوری اور آزادانہ انکوائری کروائی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور حقائق کو چھپانے کے بجائے سامنے لایا جائے۔
سردار منیر احمد نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اصلاحات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے سوگوار والدین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت الزام تراشی کا نہیں بلکہ ذمہ داری اور اصلاح کا ہے۔
ان کا عزم ہے کہ بہتر صحت، شفاف نظام اور محفوظ مستقبل کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔











