اسلام آباد(خبرنگار ) صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پارلیمانی لیڈر جموں و کشمیر پیپلز پارٹی و ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئندہ سیاسی حکمت عملی اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بالخصوص راولاکوٹ شہر کی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور میگا ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مختلف تجاویز، منصوبہ بندی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیح دیتے ہوئے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشوں کو فروغ دیا جائے۔ ملاقات میں سابق اسپیکر و سابق وزیر حکومت و امیدوار اسمبلی سلیم بٹ، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، جنرل سیکرٹری جموں و کشمیر پیپلز پارٹی سردار اسد ابراہیم اور سردار ناصر نسیم بھی موجود تھے۔ ملاقات کو آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں سیاسی رابطوں اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان اور سردار حسن ابراہیم کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
8











