اسلام آباد (خبرنگار)آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ممبر سید نظیر الحسن گیلانی نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز (ووٹس) کی چھپائی کے عمل کا جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر پرنٹنگ پریس آف پاکستان کے اعلیٰ حکام نے ممبر الیکشن کمیشن کا استقبال کیا اور انہیں بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے آگاہ کیا کہ اب تک جموں اور ویلی کے تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے 33 انتخابی حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ تیزی سے جاری ہے، جو جلد مکمل کر لی جائے گی۔ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے پرنٹنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام مراحل کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ انتخابی شیڈول کے مطابق بیلٹ پیپرز کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔
اس موقع پر ایس ایس پی سیکیورٹی سید ریاض بخاری نے ممبر الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی حفاظت اور انہیں باحفاظت متعلقہ ریٹرننگ افسران تک پہنچانے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے اور تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ انتخابی مواد کی محفوظ ترسیل ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔ممبر الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ، پیکنگ، ترسیل اور سیکیورٹی کے تمام مراحل میں شفافیت، احتیاط اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے
11











