27

میرپور، آکاب سکول سرخرو،نابینا طلبا نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے

میرپور( بیورورپورٹ)آکاب سکول فار دی بلائنڈز میرپور کے بصارت سے محروم طلبا و طالبات نے آزاد جموں و کشمیر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میرپور کے زیر اہتمام منعقدہ جماعت نہم کے سالانہ امتحانات میں 100 فیصد کامیابی حاصل کرکے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق آنسہ ربانی نے 600 میں سے 497 نمبر حاصل کیے، جبکہ طوبیٰ نے 460، عمار اسلم نے 448، آمنہ حق نے 428، حسیب جہانگیر نے 385، نورالعین نے 375، فرحان ظہیر نے 368، طلحہ محمود نے 309 اور عتیق جہانگیر نے 385 نمبر حاصل کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آکاب سکول فار دی بلائنڈز کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر محمد الیاس ایوب نے کامیاب طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم بچوں کی کامیابی پوری آکاب فیملی کے لیے باعثِ مسرت ہے۔خصوصی بچوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں محبت، اعتماد، مناسب رہنمائی اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکتا ہے۔پروفیسر محمد الیاس ایوب نے کہا کہ طلبا و طالبات کی کامیابی میں ان کے والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی محبت و خلوص اور مسلسل محنت کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے آکاب سکول کی معاونت کرنے والے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعاون بصارت سے محروم بچوں کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بصارت سے محروم بچوں کو معیاری تعلیم، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور معاشرے میں باوقار زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پرادارے کی انتظامیہ نے کامیاب طلبا و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت نہم کے امتحانات میں 100 فیصد کامیابی طلبا و طالبات کی محنت اور اساتذہ کی انتھک کاوشوں کا عملی ثبوت ہے۔ خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم اور یکساں مواقع فراہم کرکے انہیں معاشرے کا فعال، باصلاحیت اور خودمختار شہری بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے ۔یادرہے کہ آکاب سکول فار دی بلائنڈز میرپور بصارت سے محروم خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم، تربیت اور خودمختاری کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم و ٹیکنالوجی سے بھی روشناس کرا رہا ہے۔ ادارے میں طلبا و طالبات کو تعلیم کے لیے سازگار ماحول، رہائش، کھانے اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں