20

سو روزہ پلان ، راج محل کیلئے ترقیاتی اقدامات، مسائل حل کرینگے،چوہدری عبدالرحمن

کوٹلی (بیورورپورٹ) وزیر سیاحت، صنعت و معدنی وسائل چوہدری عبدالرحمن نے کہا ہے کہ راج محل اور کوٹلی شہر کو یکساں اہمیت دیتے ہوئے عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، حکومت کے سو روزہ پلان میں راج محل کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا، عوام جب بھی پکاریں گے ان کے درمیان موجود ہوں گا اور انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رہنما مسلم لیگ (ن) اور سابق قائمقام وزیراعظم ملک نواز کی رہائش گاہ پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے آمدہ دورہ کوٹلی اور جلسہ عام کے حوالے سے منعقدہ اہم مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت اویس نواز ملک نے کی جبکہ حلقہ راج محل سے بڑی تعداد میں عمائدین، کارکنان اور عوام نے شرکت کی۔وزیر حکومت چوہدری عبدالرحمن نے کہا کہ ملک نواز کی رہائش گاہ ان کے لیے اپنا گھر ہے، وہ یہاں مہمان نہیں بلکہ میزبان کی حیثیت سے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک نواز سے زندگی میں بہت کچھ سیکھا ہے اور ان کے ساتھ دیرینہ تعلق اور محبت کا رشتہ ہے۔ حلقہ راج محل کے عوام کے مسائل اور ان کے کام کاج کے حوالے سے وہ ہر وقت دستیاب ہیں، ملک نواز جو بھی ذمہ داری عائد کریں گے اسے پورا کرنے کے لیے حاضر ہوں گے۔چوہدری عبدالرحمن نے کہا کہ کوٹلی شہر اور راج محل کو الگ الگ نہیں بلکہ ایک ہی خطے کے طور پر دیکھتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے متوقع کوٹلی جلسہ عام میں حلقہ راج محل کے عوام کی بھرپور شرکت اور نمائندگی ہوگی۔ انہوں نے کارکنان اور عوام پر زور دیا کہ وہ جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے سو روزہ پلان میں راج محل کے عوام کے مسائل اور ضروریات کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ علاقے کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راج محل کے عوام جب بھی انہیں اپنے درمیان بلائیں گے، وہ ان کے درمیان موجود ہوں گے۔اس موقع پر ملک اویس نواز نے کہا کہ وہ یہ اجلاس حلقہ راج محل میں منعقد کرنا چاہتے تھے، تاہم وزیراعظم آزاد کشمیر کا جلسہ چونکہ کوٹلی شہر میں منعقد ہو رہا ہے، اس لیے اجلاس شہر میں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حلقہ راج محل سے کامیابی حاصل ہوتی تو اسمبلی میں علاقے کی مزید مؤثر نمائندگی ہوتی۔ انتخابات میں شکست کا دکھ ضرور تھا، تاہم چوہدری عبدالرحمن کے وزیر حکومت بننے پر انہیں خوشی ہوئی ہے۔اویس نواز نے کہا کہ محدود وقت میں حلقہ راج محل سے اتنے ووٹ حاصل کرنا بھی قابل ذکر ہے۔ انتخابات کے بعد راج محل کے عوام میں مایوسی دیکھی، تاہم اب ضرورت اس امر کی ہے کہ علاقے کے عوام کے مسائل اور احساسات کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ راج محل کے عوام کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔اجلاس میں شرکاء نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے آمدہ دورہ کوٹلی اور جلسہ عام کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ راج محل سے بھرپور عوامی شرکت یقینی بنائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں