میرپور (بیورورپورٹ)وزیرِ تعلیم سکولز آزاد جموں و کشمیر انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ اور ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیر حکومت چوہدری رخسار احمد نے بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میرپور میں لیٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام سپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیرِ تعلیم سکولز نے شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے میڈیکل کالج کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میرپور میں لیٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم سکولز آزاد جموں و کشمیر انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں، ادب، ثقافت اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد طلبا و طالبات کی ذہنی و جسمانی نشوونما، شخصیت سازی اور مثبت سوچ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سپورٹس ویک کی افتتاحی تقریبات میں بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج کے طلبا و طالبات کی شاندار پرفارمنس دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے۔ لیٹریری سوسائٹی اور کالج انتظامیہ اس کامیاب سرگرمی کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج کے قیام کے وقت اس کے انتظام و انصرام اور جملہ امور کے حوالے سے خدشات پائے جاتے تھے، تاہم آج ادارے کی تعلیمی کارکردگی اور نتائج دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ موجودہ حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے،آزاد کشمیر کے تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی معیار، انتظامی امور اور طلبا و طالبات کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے لیٹریری سوسائٹی کے لیے ایک لاکھ روپے گرانٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔وزیرِ تعلیم سکولز انجئنیر عمیر نعیم نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی تہذیب، ثقافت، قومی اقدار اور وطن سے محبت کے جذبے سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نظریہ الحاقِ پاکستان سے وابستگی اور قومی تشخص کا شعور نوجوانوں کی فکری تربیت کا اہم حصہ ہیں۔ ففتھ جنریشن وار کے تناظر میں نوجوانوں کو منفی پروپیگنڈے سے آگاہ کرنا اور انہیں تحقیق، درست معلومات اور مثبت سوچ کی طرف راغب کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیر حکومت چوہدری رخسار احمد نے کہا کہ سپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے انہیں دلی مسرت ہوئی ہے۔ انہیں کھیلوں سے خصوصی شغف ہے، کھیلیں نوجوانوں کی مثبت تربیت، صحت مند طرزِ زندگی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرپور میں بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج کا قیام خوش آئند اقدام ہے انہوں نے کہا کہ ان کے لیے باعثِ مسرت و اعزاز ہے کہ یہ اہم طبی تعلیمی ادارہ ان کے حلقہ انتخاب میں قائم ہے۔ تعلیمی اداروں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں اور دیگر مثبت ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے سے ہی ایک مثبت معاشرہ پروان چڑھتا ہے۔تقریب میں طلبا و طالبات نے مختلف ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے ملکی ثقافت، تہذیب و روایات اور قومی یکجہتی کو اجاگر کیا، جبکہ ثقافت، اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے خصوصی نمائش بھی منعقد کی گئی۔ وزیرِ تعلیم سکولز انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ اور ممبر اسمبلی چوہدری رخسار احمد نے نمائش کا دورہ کیا اور طلبا و طالبات کی جانب سے پیش کیے گئے نمائشی فن پاروں کو سراہا۔تقریب میں پرنسپل بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طارق مسعود، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میرپور ڈاکٹر اعجاز راجہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر اعجاز، اسسٹنٹ پروفیسر سردار زاہد، سردار طاہر محمود ایڈووکیٹ، سردار فرقان نواز، فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر میڈیکل کالج انتظامیہ کی جانب سے وزیرِ تعلیم سکولز انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ اور ممبر اسمبلی و سابق وزیر حکومت چوہدری رخسار احمد کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
88











