مظفرآباد (خبرنگار)ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی محترمہ مریم ادریس نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کر کے کشمیری عوام کے دیرینہ مؤقف کی عالمی سطح پر مؤثر ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے عالمی برادری پر واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ اپنے ایک بیان میں محترمہ مریم ادریس نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی ہے۔ ان کا خطاب کشمیری عوام کے لیے حوصلہ افزا اور پاکستان کی مسلسل سیاسی و سفارتی حمایت کا واضح اظہار ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی جیسے اہم عالمی فورم پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو ترجیحی طور پر پیش کرنا اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ مریم ادریس نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی سیاسی اور انسانی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت اور یکجہتی کا واضح پیغام ہے، جس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔
26











