13

میرپور گرین بس سروس، چترپڑی ٹرمینل کی تعمیر تیز کرنے کا حکم

میرپور (بیورورپورٹ) کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان کی زیر صدارت چترپڑی گراؤنڈ میں گرین بس سروس کے لیے متعیّنہ ٹرمینل کی اراضی پر تعمیراتی معیار، حفاظتی انتظامات، بنیادی سہولیات اور دیگر متعلقہ امور کی جلد تکمیل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے گرین بس سروس ٹرمینل کے قیام کے منصوبے پر کام تیز کرتے ہوئے اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد اسلم، ڈپٹی ڈائریکٹر واپڈا راجہ وسیم ارشد، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) واجد علی، انفارمیشن آفیسر خضر حیات سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں متعیّنہ اراضی پر گرین بس ٹرمینل کے قیام کے لیے اراضی کی صفائی و بہتری، تعمیراتی معیار، سیفٹی والز کی تعمیر، داخلی و خارجی راستوں، کام کے معیار اور دیگر ضروری بنیادی سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر واپڈا حکام کی جانب سے ان کے ذمہ تکنیکی و حفاظتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں طے پایاکہ تعمیراتی سرگرمیوں کو باہمی مشاورت سے جلد از جلد آگے بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت ضروری امور کو جلد از جلد مکمل کریں گے تاکہ ٹرمینل کو بروقت گرین بس سروس کے آغاز کے لیے تیار کیا جا سکے۔ کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے کہا کہ گرین بس سروس حکومت کے عوام دوست ویژن کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو جدید، محفوظ، باوقار اور منظم سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ شہری ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر اور مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹرمینل کی تیاری میں تعمیراتی معیار، مسافروں کی سہولت، ٹریفک کے منظم بہاؤ، ماحولیاتی بہتری اور حفاظتی تقاضوں کو خصوصی اہمیت دی جائے۔کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹرمینل کی متعیّنہ اراضی پر حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے، واپڈا سمیت تمام متعلقہ اداروں کو آن بورڈ رکھتے ہوئے تکنیکی امور باہمی مشاورت سے طے کیے جائیں اور ضروری کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ادارہ جاتی رابطہ مؤثر بناتے ہوئے ذمہ داریاں واضح کی جائیں اور گرین بس ٹرمینل کے تمام ضروری انتظامات کو مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اجلاس کے دوران سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) واجد علی نے گرین بس ٹرمینل کے لیے متعیّنہ جگہ کے حوالے سے بریفنگ دی اور ٹرمینل کے قیام سے متعلق ضروری انتظامات اور دیگر متعلقہ امور سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں