31

پونچھ کے مسائل ایوان میں اٹھانےکا اعلان،عوام کو حق دلائیں گے، چوہدری یاسین

اسلام آباد (خبرنگار) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر و قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین سےسینئرصحافی خواجہ کاشف میرکی سیاسی و حکومتی معاملات، گورننس، روزگار، عوامی مسائل اور بالخصوص پونچھ میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی نشست ہوئی۔ ملاقات میں آزادکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل اور آئندہ کے پارلیمانی لائحہ عمل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پونچھ سمیت عوام سے جڑے تمام اہم مسائل کو اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر میں ایک فعال، جاندار اور مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور حکومت کو عوامی مسائل، گورننس اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے جواب دہ بنایا جائے گا۔سینئر صحافی خواجہ کاشف میر سے انتخابی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد یاسین نے اپنے آبائی حلقہ انتخاب چڑھوئی میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر ٹرن آؤٹ تقریباً 30 فیصد رہا، جبکہ مخالف امیدوار سے متعلق پولنگ اسٹیشنوں پر 100 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ ان کے بقول یہ صورتحال انتخابی دھاندلی اور جعلسازی کے شکوک کو جنم دیتی ہے اور اس کا شفاف جائزہ لیا جانا چاہیے۔چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ ان کا اور پارٹی قیادت کا مطالبہ ہے کہ چار سے زائد انتخابی حلقے کھولے جائیں تاکہ انتخابی اعتراضات اور نتائج سے متعلق تحفظات کا شفاف طریقے سے جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے انتخابی معاملات میں شفافیت اور عوام کے مینڈیٹ کے احترام کی ضرورت پر زور دیا۔نشست میں روزگار کے مواقع، حکومتی کارکردگی، عوامی حقوق، امن و امان اور بالخصوص پونچھ کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ چوہدری محمد یاسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی عوامی مسائل کو پارلیمانی فورم پر مؤثر انداز میں اٹھانے کے ساتھ ساتھ حکومت سے ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کرے گی۔گفتگو سے یہ امر سامنے آیا کہ پیپلزپارٹی آزادکشمیر اسمبلی میں اپوزیشن کے کردار کو فعال بنانے اور گورننس، روزگار، عوامی حقوق، امن و امان اور انتخابی معاملات سمیت اہم عوامی امور کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں