مظفرآباد(خبرنگار)کیڈٹ کالج مظفرآباد میں تین روزہ سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ سپورٹس گالا کی تقریب میں وزیر ہائر ایجوکیشن آزاد کشمیر اظہر صادق اور سیکرٹری سپورٹس عنصر یعقوب نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر مہمانانِ خصوصی نے کیڈٹ کالج مظفرآباد کے پرنسپل بریگیڈیئر ریٹائرڈ عسرت محمود ستارہ?امتیاز (ملٹری) کو کامیاب سپورٹس گالا کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور طلبہ کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہائر ایجوکیشن اظہر صادق نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں اور حکومت ان کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیمی، کھیلوں اور دیگر شعبوں میں سہولیات کی فراہمی پر توجہ دے گی۔وزیر ہائر ایجوکیشن نے کیڈٹ کالج مظفرآباد کو مزید سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کالجز میں تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنانے اور طلبہ کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر کیڈٹ کالج مظفرآباد کے پرنسپل بریگیڈیئر عسرت محمود نے مہمان خصوصی اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس گالا کو سالانہ بنیادوں پر جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ آئندہ مزید تعلیمی اداروں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا، تاکہ طلبہ کو صحت مند مسابقت اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔سپورٹس گالا کے پہلے روز کیڈٹ کالج مظفرآباد، کیڈٹ کالج بٹراسی، کیڈٹ کالج پلندری اور ماڈل سائنس کالج کے طلبہ نے شرکت کی۔ طلبہ کے درمیان کرکٹ، فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے، جن میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے اختتام پر مختلف کھیلوں میں کامیاب ٹیموں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔سپورٹس گالا میں شریک دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ اور انتظامیہ نے کیڈٹ کالج مظفرآباد کی جانب سے بہترین ایونٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں کے ایسے مقابلے طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت مسابقت کو فروغ دیتے ہیں، اس لیے ایسے پروگراموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔
23











