مظفرآباد (خبرنگار) ناظم زراعت توسیع آزادکشمیر محترمہ آمنہ رفیع نے جلال آباد گارڈن مظفرآباد میں مقامی زرعی مصنوعات کے ڈسپلے سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ریٹائرڈ نائب ناظم زراعت پرویز قریشی، ناظم پارکس اینڈ ہارٹیکلچر آصف جمیل، نائب ناظم پارکس اینڈ ہارٹیکلچر راجہ ظہیر، نائب ناظم زراعت توسیع ضلع مظفرآباد فراز سعید، نائب ناظم زراعت توسیع ضلع باغ تصدق حسین، اسسٹنٹ ہارٹیکلچر آفیسر مرتضیٰ گیلانی، لیڈی ایکسٹیشن آفیسر ضلع مظفرآباد محترمہ فرحت شاعین، لیڈی ایکسٹنشن آفیسر ضلع جہلم ویلی محترمہ رخسانہ بٹ،محکمہ زراعت کے دیگر افسران،اہلکاران اور زمیندار مرد و خواتین نے شرکت کی۔ناظم زراعت توسیع محترمہ آمنہ رفیع نے اس موقع پہ کہا کہ سنٹر کو‘‘No Profit, No Loss’’کی بنیاد پر چلایا جائے گا، اور سنٹر کے قیام کا مقصد محض خرید و فروخت کا مرکز قائم کرنا نہیں بلکہ کسانوں، مرد و خواتین، کو اس امر کی ترغیب دینا ہے کہ وہ اپنی خام زرعی پیداوار کی قدرو قیمت میں اضافے، معیاری پیکنگ، لیبلنگ اور خوبصورت و مؤثر انداز میں پیش کر کے زیادہ قدر والی مصنوعات میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس عمل سے نہ صرف مقامی زرعی پیداوار کی قدر میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ کسانوں اور پروڈیوسرز کے لیے بہتر معاشی مواقع بھی پیدا ہوں گے۔اس اقدام کا مقصد کسانوں اور پروڈیوسرز میں ویلیو ایڈیشن کے رجحان کو فروغ دینا، انہیں اپنی زرعی پیداوار میں قدر و قیمت بڑھانے کی ترغیب دینا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی مصنوعات کو ممکنہ خریداروں اور وسیع تر منڈیوں سے منسلک کر سکیں۔اس کے ساتھ ساتھ، ڈسپلے سنٹر کے ذریعے بالخصوص شہری آبادی میں یہ آگاہی پیدا کرنا بھی مقصود ہے کہ آزاد کشمیر کے کسان اور دیہی خواتین نہ صرف زرعی پیداوار بڑھانے میں کوشاں ہیں بلکہ اپنی محنت، ہنر اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامی، نامیاتی اور معیاری مصنوعات بھی تیار کر رہے ہیں۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ان کی کاوشوں اور مصنوعات کو عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے گا۔ڈسپلے سنٹر میں آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع خاص طور پرمظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کے لیڈی ایکسٹنشن ونگ کے زیرِ اہتمام اور مقامی زمینداروں کی جانب سے تیار کردہ مختلف ویلیو ایڈڈ زرعی مصنوعات رکھی گئی ہیں۔ ان مصنوعات میں مختلف اقسام کے جیم، اچار، کیچپ، سیب کا مربہ، خالص شہد، لیموں اور آڑو کا اسکواش، مکئی اور باجرے کا آٹا، لہسن، دیسی ہلدی،مرچ، اخروٹ،دیسی لوبیا،مختلف سبزیات کے بیج اور دیگر مقامی زرعی و غذائی مصنوعات شامل ہیں۔مصنوعات کے ساتھ متعلقہ زمینداروں کے نام، رابطہ نمبرز اور دیگر ضروری معلومات بھی درج کی گئی ہیں، تاکہ مقامی پیداوار اور اس سے وابستہ افراد کو مؤثر انداز میں متعارف کرایا جا سکے اور ممکنہ خریداروں اور دیگر متعلقہ حلقوں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری میں ان کی معاونت کی جا سکے -آخر میں ناظم زراعت توسیع محترمہ آمنہ رفیع اور دیگر آفیسران نے سیکرٹری زراعت، لائیوسٹاک آبپاشی و اسماء آزادکشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور سرپرستی میں مقامی زرعی مصنوعات کے ڈسپلے سنٹر کے قیام کو عملی شکل دی گئی ہے، جو آزاد کشمیر کی مقامی زرعی پیداوار، ویلیو ایڈیشن کے فروغ اور کسانوں و پروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی کی جانب ایک اہم قدم ہے
18











