نیلم (بیورورپورٹ) سیاسی و سماجی رہنما عبد القیوم شاہ نے کہا ہے کہ وادی نیلم حلقہ ایل اے 25 سے منتخب ممبر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر اور علماء و مشائخ کی نشست پر منتخب ہونے والے مولانا پیر مظہر سعید شاہ نیلم کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا قیام نیلم کے عوام کے لیے ایک خوش آئند موقع ہے، دونوں منتخب نمائندگان اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وادی نیلم کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کے عوام نے اپنے نمائندگان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں اسمبلی تک پہنچایا ہے، اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی توقعات پر پورا اتریں اور نیلم کے بنیادی مسائل کو حکومت کے ایوانوں میں بھرپور انداز میں اجاگر کریں۔ سڑکوں، بجلی، صحت، تعلیم، مواصلات، انٹرنیٹ، سیاحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت روزمرہ زندگی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ نیلم کی عوام کی بدقسمتی ہے کہ شاہ غلام قادر کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کیے جانے کے باوجود وہ وزیراعظم نہ بن سکے، جس سے نیلم کے عوام کو ایک بڑا سیاسی و انتظامی موقع حاصل نہ ہو سکا۔ وزیراعظم کا منصب نیلم کو ملتا تو یقیناً علاقے کے اجتماعی مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں کے حوالے سے زیادہ مؤثر آواز سامنے آتی۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوچکی ہے، اس لیے دونوں ممبران اسمبلی کو باہمی رابطے اور مشاورت کے ساتھ نیلم ویلی کے لیے ایک جامع ترقیاتی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے۔ حکومت کی توجہ نیلم کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک پہنچانے کے لیے دونوں نمائندگان اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ایسے منصوبے منظور کروائیں جن سے عام آدمی کی زندگی میں حقیقی بہتری آئے۔انھوں نے مزید کہا کہ وادی نیلم قدرتی حسن، سیاحتی مقامات اور وسائل سے مالا مال خطہ ہے، اگر بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے، سڑکوں کی حالت درست کی جائے، بجلی اور مواصلاتی سہولیات فراہم کی جائیں اور سیاحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے تو نیلم نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پورے خطے کا اہم سیاحتی مرکز بن سکتا ہےانھوں نے کہا کہ شاہ غلام قادر اور مولانا پیر مظہر سعید شاہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور حکومت آزاد کشمیر سے نیلم کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج اور اہم منصوبوں کی منظوری حاصل کریں گے نیلم ویلی کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنائیں گے
17











