30

قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کیلئے شیڈول جاری

مظفرآباد (خبرنگار) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسمبلی کی پانچ خواتین، ایک عالمِ دین یا مشائخ، ایک بیرونِ ملک مقیم جموں و کشمیر کے ریاستی باشندوں اور ایک ٹیکنوکریٹ و دیگر پیشہ ور افراد کی مخصوص نشست پر انتخاب کیلیے شیڈول جاری کیا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق مخصوص نشستوں کے انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 20 اگست 2026 کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جمع کرائے جائیں گے، جبکہ اسی روز دوپہر 2 بجے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور منظور شدہ امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔کاغذاتِ نامزدگی مسترد یا منظور کیے جانے کے خلاف اپیلیں 21 اگست کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جمع کرائی جا سکیں گی۔ اپیلوں کی سماعت 22 اگست کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوگی جبکہ اپیلوں پر فیصلے اسی روز دوپہر ایک بجے سے شام 4 بجے تک کیے جائیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار 23 اگست کو دوپہر 2 بجے سے قبل اپنی نامزدگیاں واپس لے سکیں گے اور اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ترجمان نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست 2026 کو ہو گی ۔ پولنگ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال، بلاک نمبر 12، سول سیکرٹریٹ مظفرآباد میں صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں