میرپور ( بیورورپورٹ ) انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کی میرپور میں عام انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت اجلاس میں انتخابی سیکیورٹی، امن و امان کی مجموعی صورتحال، حساس پولنگ اسٹیشنز کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات اور الیکشن ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران و جوانوں کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انسپکٹر جنرل پولیس کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے ہدایت کی کہ عام انتخابات کے شفاف، پرامن اور غیر جانب دارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے حساس مقامات پر مؤثر نگرانی، بروقت نفری کی تعیناتی، متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط رابطے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری پر زور دیا۔آئی جی پولیس نے واضح کیا کہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنا، ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور قانون کی یکساں عمل داری یقینی بنانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہےقبل ازیں عام انتخابات کے پرامن، شفاف اور محفوظ انعقاد کے پیشِ نظر انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر، کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے میرپور میں تعینات پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فرض شناسی کو سراہا۔اس موقع پر آئی جی پولیس نے ہدایت کی کہ انتخابات کے دوران امن و امان کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے، قانون کی غیر جانبدارانہ اور بلا امتیاز عملداری برقرار رکھی جائے، اور ہر شہری کو پرامن، محفوظ اور آزادانہ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا:”آزاد جموں و کشمیر پولیس کی ذمہ داری صرف قانون کا نفاذ نہیں بلکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جمہوری عمل کے وقار کو یقینی بنانا بھی ہے۔ میں پُرامید ہوں کہ ہمارے افسران اور جوان اپنی روایات کے مطابق دیانت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔آئی جی پولیس نے تمام افسران و جوانوں کے حوصلے اور عزم کو سراہتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ انتخابات کا عمل خوش اسلوبی اور پرامن ماحول میں مکمل ہو۔
19











