مظفرآباد(خبرنگار)ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے بذریعہ پریس ریلیز تمام امیدواران، سیاسی جماعتوں، انتخابی ایجنٹس، کارکنان اور عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ عام انتخابات 2026 کے سلسلہ میں میرپور ڈویژن میں 27 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی مہم 25 اور 26 جولائی 2026 کی درمیانی شب 12:00 بجے اختتام پذیر ہو جائے گی۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن ایکٹ کی دفعہ 112 کے مطابق انتخابی مہم کے اختتام کے بعد متعلقہ انتخابی حلقوں میں کسی بھی قسم کا عوامی جلسہ، جلوس، ریلی، کارنر میٹنگ یا انتخابی اجتماع منعقد کرنا، اس کا اہتمام کرنا یا اس میں شرکت کرنا ممنوع ہوگا۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن تمام امیدواران، سیاسی جماعتوں اور ان کے حامیوں سے توقع رکھتا ہے کہ وہ انتخابی قوانین، ضابطۂ اخلاق اور کمیشن کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ انتخابات پرامن، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ ماحول میں منعقد ہو سکیں۔ پریس ریلیز کے مطابق انتخابی قوانین یا ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے مطابق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
76











