9 نومبر اقبال کا یومِ ولادت اور گمشدہ شاہین کی تلاش
تحریر: نعیم الحسن نعیم
9 نومبر محض تقویم کا ایک ورق نہیں بلکہ ہماری فکری تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس نے ایک غلام قوم کو خواب دیکھنے اور اپنی تقدیر بدلنے کا حوصلہ عطا کیا۔ یہ وہ دن ہے جب 1877ء میں سیالکوٹ کی سرزمین پر ایک ایسی عظیم ہستی نے جنم لیا جس کی فکر نے سرحدوں اور زمانوں کو عبور کرتے ہوئے انسانی شعور پر اپنے نقوش ثبت کیے۔ وہ شخصیت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ تھے جنہیں دنیا شاعر مشرق اور مفکر پاکستان کے نام سے یاد کرتی ہے۔ اقبال محض الفاظ کے ہنرمند شاعر نہیں تھے بلکہ مردہ ضمیروں کو جھنجھوڑنے والی آواز اور غلام ذہنوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کرنے والے مفکر تھے۔ انہوں نے اپنی شاعری کو ایک سوئی ہوئی قوم کی بیداری اور خود شناسی کا ذریعہ بنایا۔ ان کی فکر میں خودی تھی ان کے تصور میں آزادی تھی اور ان کے خواب میں ایک ایسی خوددار قوم تھی جو اپنی تقدیر کے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ اقبال نے نوجوانوں کی قوت کردار اور خودی کو بیان کرتے ہوئے کہا
اس قوم کو شمشیر کی حاجت نہیں رہتی
ہو جس کے جوانوں کی خودی صورت فولاد
یہ محض دو مصرعے نہیں بلکہ ایک مکمل قومی فلسفہ ہے۔ اقبال جانتے تھے کہ جس قوم کے نوجوانوں کے اندر یقین کی حرارت کردار کی پختگی اور ارادوں کی مضبوطی موجود ہو اسے دنیا کی کوئی طاقت فکری غلامی میں مبتلا نہیں کر سکتی۔ قوموں کی اصل طاقت ان کے وسائل اور عمارتوں میں نہیں بلکہ ان نوجوانوں میں ہوتی ہے جن کے سینوں میں مقصد کی آگ اور آنکھوں میں مستقبل کے خواب زندہ ہوں۔ اقبال نے اپنے عہد کے مسلمانوں کو اس وقت بیداری کا پیغام دیا جب غلامی نے ان کے اعتماد کو شکستہ اور مایوسی نے ان کے حوصلوں کو مفلوج کر رکھا تھا۔ انہوں نے مسلمانوں کو احساس دلایا کہ قومیں محض اپنی تاریخ پر فخر کرنے سے زندہ نہیں رہتیں بلکہ انہیں اپنے حال کو سنوارنا اور مستقبل کو اپنے علم کردار اور عمل سے تعمیر کرنا پڑتا ہے۔ ان کی فکر نے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونکی اور ایک الگ قومی تشخص اور آزاد وطن کے تصور کو فکری بنیاد فراہم کی۔ آج جب ہم اقبال کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں تو ہمارے سامنے ایک سوال پوری شدت کے ساتھ کھڑا ہے کہ کیا ہم واقعی اس اقبال کو سمجھ پائے ہیں جس نے ہماری نسلوں کے لیے خودداری آزادی اور بلند نظری کا خواب دیکھا تھا؟ اقبال کا خواب صرف ایک خطہ زمین حاصل کرنے کا خواب نہیں تھا بلکہ وہ ایک ایسی ریاست اور معاشرے کے خواہاں تھے جہاں انسان کی عزت اس کے کردار سے متعین ہو جہاں علم کو دولت سے زیادہ اہمیت حاصل ہو جہاں انصاف طاقتور کی دہلیز کا محتاج نہ ہو اور جہاں نوجوان اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سفارش اور مصلحت کے اسیر نہ ہوں۔ اقبال نے نوجوان کو شاہین کا استعارہ دیا۔ شاہین جو بلند پرواز ہے خوددار ہے مشکلات سے گھبراتا نہیں اور اپنی منزل کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرتا ہے۔ اقبال کا شاہین محض ایک پرندہ نہیں بلکہ ایک بلند کردار اور خوددار انسان کی علامت ہے۔ مگر آج کے نوجوان کو دیکھ کر ایک سوال بار بار ذہن میں اٹھتا ہے کہ کیا ہم نے اقبال کے شاہین کو پہچانا ہے؟ کیا آج کا نوجوان علم تحقیق کردار اور خود اعتمادی کو اپنی زندگی کا مقصد بنا رہا ہے یا ہم نے اپنی صلاحیتوں کو بے مقصد سرگرمیوں اور وقتی شہرت کے حوالے کر دیا ہے؟ یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ آج ہماری نوجوان نسل بے روزگاری تعلیمی مشکلات مواقع کی کمی اور مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال جیسے مسائل کا سامنا کر رہی ہے۔ ان حالات میں صرف نوجوانوں کو نصیحت کرنا کافی نہیں بلکہ انہیں معیاری تعلیم اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا بھی ریاست اور معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ اقبال کا فلسفہ خودی ہمیں اپنی ذات کی پہچان اور اپنی صلاحیتوں کے ادراک کا درس دیتا ہے۔ خودی تکبر نہیں بلکہ خود شناسی ہے۔ غرور نہیں بلکہ کردار کی بلندی ہے۔ دوسروں کو کمتر سمجھنا نہیں بلکہ اپنے اندر موجود صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں انسانیت اور قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لانا ہے۔ اسی تصور کو اقبال نے اپنے لازوال الفاظ میں سمو دیا
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
یہ شعر محض زبان سے ادا کرنے کے لیے نہیں بلکہ زندگی میں اتارنے کے لیے ہے۔ یہ انسان کو اپنی ذات کی تعمیر اور مسلسل جدوجہد کی دعوت دیتا ہے۔ مگر المیہ یہ ہے کہ ہم نے اقبال کے اشعار کو اپنی تقریبات کا حصہ تو بنا لیا ہے لیکن ان کے پیغام کو اپنے کردار کا حصہ بنانے کی کوشش کم کی ہے۔ ہم خودی کے اشعار پڑھتے ہیں مگر اپنی صلاحیتوں پر یقین کرنے سے گھبراتے ہیں۔ ہم شاہین کی بلند پروازی کے قصیدے پڑھتے ہیں مگر ذرا سی ناکامی پر اپنے حوصلے ہار بیٹھتے ہیں۔ ہم عظمت رفتہ کا ذکر تو کرتے ہیں مگر عظمت آئندہ کی تعمیر کے لیے کتنی محنت کرتے ہیں؟ ہماری تعلیمی ترجیحات بھی غور و فکر کی متقاضی ہیں۔ 9 نومبر کو یوم اقبال منانے کا مقصد محض تعطیل یا رسمی تقریبات نہیں ہونا چاہیے۔ یہ دن تعلیمی اداروں کے لیے فکری بیداری کا ایک اہم موقع ہونا چاہیے۔ اسکولوں کالجوں اور جامعات میں اقبال کی زندگی فلسفہ خودی اور تصور شاہین پر خصوصی نشستیں منعقد ہونی چاہئیں۔ طلبہ کو تقریری مقابلوں مباحثوں اور کلام اقبال کے ذریعے اس عظیم مفکر کے حقیقی پیغام سے روشناس کروانا چاہیے۔ آخر ہم اپنے بچوں کو قومی دنوں کی اہمیت سے کیسے آگاہ کریں گے اگر ان دنوں کو صرف تعطیلات کی صورت میں منایا جائے گا؟ چھٹی دینا آسان ہے لیکن شعور دینا محنت مانگتا ہے۔ قومیں تعطیلات سے نہیں بلکہ تعلیم تحقیق کردار انصاف اور مسلسل جدوجہد سے ترقی کرتی ہیں۔ ہمیں اقبال کے نام پر چھٹی سے زیادہ اقبال کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ اقبال نے اپنی قوم کو فکری بصیرت اور بیدار ضمیر کی ضرورت کا احساس دلاتے ہوئے کہا
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
آج ہمیں ایسے ہی دیدہ ور افراد کی ضرورت ہے جو مصلحتوں کے اندھیروں میں حق کی روشنی بنیں جو قوم کو تقسیم کے بجائے اتحاد کا راستہ دکھائیں اور جو اپنے ذاتی مفادات سے بلند ہو کر اجتماعی مستقبل کی فکر کریں۔ اقبال کی شاعری کا ایک اور پہلو انسانی وجود کی بے پناہ وسعت اور تنہائی میں چھپے ہوئے سوالات کی ترجمانی کرتا ہے
یہ گنبدِ مینائی یہ عالمِ تنہائی
مجھ کو تو ڈراتی ہے اِس دشت کی پہنائی
اقبال کا پیغام کسی ایک دن یا ایک نسل تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک ایسی فکری امانت ہے جسے ہر عہد میں سمجھنے اور اپنی عملی زندگی میں زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ 9 نومبر ہمیں صرف ایک عظیم شاعر کی تاریخ پیدائش یاد دلانے نہیں آتا بلکہ یہ دن ہمارے اجتماعی ضمیر سے سوال کرتا ہے کہ کیا ہم نے اپنے بچوں کو خواب دیکھنا سکھایا؟ کیا ہم نے انہیں ان خوابوں کی تعبیر کے لیے علم اور مواقع فراہم کیے؟ کیا ہم نے اپنے معاشرے میں وہ انصاف خودداری اور انسانی وقار قائم کیا جس کی آرزو اقبال کی فکر میں نمایاں تھی؟ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اقبال کو صرف تقریروں میں نہیں بلکہ اپنے کردار میں تلاش کریں۔ ان کی تصویر پر پھول چڑھانے سے زیادہ ضروری ہے کہ ہم ان کے افکار کو اپنی زندگیوں میں جگہ دیں۔ ان کے اشعار پڑھنے سے زیادہ ضروری ہے کہ ہم ان کے پیغام پر عمل کریں۔ اقبال کا خواب ابھی ادھورا ہے اور اس خواب کی تکمیل ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو یہ باور کروانا ہوگا کہ ان کی منزل محض ایک ڈگری یا ملازمت نہیں بلکہ ایک باوقار معاشرے اور مضبوط قوم کی تعمیر بھی ہے۔ ہمیں نوجوانوں کو صرف شاہین کہہ کر پکارنا نہیں بلکہ انہیں ایسا ماحول بھی دینا ہے جہاں وہ حقیقتاً بلند پرواز کر سکیں۔ اقبال نے مایوسی کے اندھیروں میں بھی اپنی قوم کی صلاحیتوں پر یقین کا چراغ روشن رکھا اور امید کا پیغام دیتے ہوئے کہا
نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
یہ شعر آج کے پاکستان اور اس کے نوجوانوں کے نام ایک پیغام ہے کہ مایوسی کوئی منزل نہیں اور حالات کی سختی صلاحیتوں کا خاتمہ نہیں کر سکتی۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم اپنی فکری زمین کو علم کے پانی سے سیراب کریں اور اپنے کردار کو عمل کی روشنی سے منور کریں۔ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کا اصل حق اسی وقت ادا ہوگا جب ہماری نسلیں ان کے خواب کو اپنی منزل ان کی فکر کو اپنا شعور اور ان کے پیغام کو اپنا کردار بنا لیں۔
اللہ تعالیٰ علامہ محمد اقبالؒ کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے حقیقی افکار کو سمجھنے ان پر عمل کرنے اور اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔











