ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے دنیا کے مالیاتی نظام کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ آج رقم کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے لیے روایتی بینکاری کے طویل مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں رہی۔ چند لمحوں میں دنیا کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک مالی لین دین ممکن ہو چکا ہے۔ کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثوں نے بھی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ ان پلیٹ فارمز کی جانب سے صارفین کو مسلسل یقین دلایا جاتا ہے کہ ان کے اثاثے جدید ٹیکنالوجی اور جدید ترین حفاظتی نظام کے تحت محفوظ ہیں۔ لیکن جب اربوں ڈالر کی چوری ہو جائے تو ان تمام دعووں کی حقیقت پر سوال اٹھنا فطری ہے۔
29 اکتوبر 2026 کو دنیا کے بڑے کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم بائنانس پر ہونے والے سائبر حملے نے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے حفاظتی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے۔ اطلاعات کے مطابق ہیکرز نے تقریباً 6.3 ارب ڈالر مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے چوری کیے۔ اسے کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ محض ایک کمپنی کو پہنچنے والا مالی نقصان نہیں بل کہ اس نظام پر اعتماد کرنے والے لاکھوں صارفین کے لیے بھی ایک بڑا دھچکا ہے۔
اس حملے کے حوالے سے امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی اور بلاک چین انٹیلی جنس کمپنی ٹی آر ایم لیبز نے شمالی کوریا سے منسلک ہیکنگ گروپ ٹریڈر ٹریٹر کی جانب اشارہ کیا۔ یہ گروپ لازارس ہیکنگ نیٹ ورک سے وابستہ بتایا جاتا ہے۔ اس واقعے کی تفصیلات میں سب سے حیران کن بات یہ سامنے آئی کہ حملہ آوروں نے بائنانس کے ایک سافٹ ویئر انجینئر کو جعلی ملازمت کے انٹرویو کے ذریعے اپنے جال میں پھنسایا۔ اس دوران نقصان دہ سافٹ ویئر استعمال کیا گیا جس کے ذریعے اندرونی نظام تک رسائی حاصل کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق اس طریقے سے حملہ آوروں نے دس مختلف بلاک چین نیٹ ورکس سے منسلک ہاٹ والیٹ اور ڈیجیٹل دستخط کے نظام تک رسائی حاصل کی۔ ان نیٹ ورکس میں بٹ کوائن۔ ایتھر اور سولانا بھی شامل تھے۔ یہ تفصیلات ظاہر کرتی ہیں کہ حملہ آوروں نے صرف کسی ایک صارف کا اکاؤنٹ ہیک نہیں کیا بل کہ ایک بڑے مالیاتی پلیٹ فارم کے اندرونی حفاظتی نظام کو نشانہ بنایا۔ اس واقعے نے ثابت کیا کہ ڈیجیٹل مالیاتی اداروں کے لیے اندرونی نظام کی حفاظت بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنی صارفین کے اکاؤنٹس کی حفاظت۔
یہاں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ اگر دنیا کے بڑے کرپٹو کرنسی پلیٹ فارمز بھی اپنے اندرونی نظام کو محفوظ نہیں رکھ سکتے تو عام صارف اپنے اثاثوں کے تحفظ کے بارے میں کس طرح مطمئن ہو سکتا ہے؟ کمپنیاں اپنے اشتہارات اور تشہیری مہمات میں جدید ترین سکیورٹی۔ محفوظ ڈیجیٹل بٹوے اور مضبوط تکنیکی انتظامات کا ذکر کرتی ہیں۔ صارفین کو بتایا جاتا ہے کہ ان کی رقم جدید طریقوں سے محفوظ ہے۔ لیکن بائنانس کا واقعہ ان دعووں کی عملی حیثیت پر سوال اٹھاتا ہے۔ اگر ایک ملازم کے کمپیوٹر کو نشانہ بنا کر اربوں ڈالر کے اثاثوں تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے تو حفاظتی انتظامات میں موجود خامیوں کی ذمہ داری کون قبول کرے گا؟
اس واقعے کے بعد ٹیتر اور سرکل جیسی مستحکم ڈیجیٹل کرنسی جاری کرنے والی کمپنیوں اور متعلقہ ایکسچینجز نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً تین ارب ڈالر کے چوری شدہ اثاثے منجمد کیے۔ یہ اقدام قابلِ ذکر ضرور ہے لیکن اس سے کئی سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ کیا باقی ماندہ رقم کی حفاظت کا کوئی مؤثر انتظام موجود تھا؟ کیا مختلف پلیٹ فارمز کے درمیان فوری رابطے اور مشترکہ کارروائی کا کوئی مستقل نظام ہے؟ اور کیا صارفین کو پہلے سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی بڑے سائبر حملے کی صورت میں ان کے اثاثوں کے ساتھ کیا ہو سکتا ہے؟
بائنانس نے حملے کے بعد ڈپازٹس اور رقم نکلوانے کی سہولت عارضی طور پر معطل کر دی۔ بعد ازاں چند روز کے اندر یہ سہولت دوبارہ بحال کر دی گئی۔ کمپنی نے صارفین کے ممکنہ نقصانات پورے کرنے کے لیے اپنے ہنگامی حفاظتی فنڈ سیفو اور دیگر مالی وسائل استعمال کرنے کا اعلان بھی کیا۔ بظاہر یہ صارفین کو تحفظ فراہم کرنے کی ایک کوشش ہے لیکن بنیادی سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ آخر صارفین کو اس صورت حال تک پہنچنے ہی کیوں دیا گیا؟ کیا کسی مالیاتی ادارے کی ذمہ داری صرف نقصان کے بعد معاوضے کا وعدہ کرنا ہے یا اس کی اصل ذمہ داری نقصان سے پہلے مؤثر حفاظتی اقدامات کرنا بھی ہے؟
ڈیجیٹل کرنسی کے نظام میں بلاک چین کو ایک محفوظ اور شفاف ٹیکنالوجی قرار دیا جاتا ہے۔ اس میں ہونے والے لین دین کا ریکارڈ موجود رہتا ہے اور اس کی جانچ بھی ممکن ہوتی ہے۔ تاہم یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ بلاک چین ٹیکنالوجی کی اپنی خصوصیات اور اس پر کام کرنے والے پلیٹ فارمز کی سکیورٹی دو الگ معاملات ہیں۔ ٹیکنالوجی محفوظ ہو سکتی ہے لیکن اس سے منسلک ڈیجیٹل بٹوے۔ ملازمین کے کمپیوٹرز اور اندرونی نظام میں موجود کمزوریاں پورے مالیاتی ڈھانچے کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔ بائنانس کا واقعہ اسی حقیقت کی واضح مثال ہے۔
دنیا بھر میں لاکھوں افراد اپنی جمع پونجی ان پلیٹ فارمز پر رکھتے ہیں۔ ان میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنی برسوں کی بچت ڈیجیٹل اثاثوں میں لگائی ہوتی ہے۔ ان افراد کے لیے یہ محض سرمایہ کاری نہیں بل کہ ان کے مستقبل اور مالی تحفظ کا معاملہ ہوتا ہے۔ ایسے میں متعلقہ کمپنیوں کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ ان کے حفاظتی نظام کی باقاعدہ جانچ کیسے ہوتی ہے۔ صارفین کے اثاثے کس حد تک کمپنی کے اپنے انتظامی نظام سے الگ محفوظ رکھے جاتے ہیں۔ ملازمین کے کمپیوٹرز اور اندرونی رسائی کی نگرانی کس طرح کی جاتی ہے اور کسی بڑے سائبر حملے کی صورت میں نقصان کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟
پاکستان میں بھی ڈیجیٹل کرنسی اور آن لائن سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اس شعبے کو آمدنی اور سرمایہ کاری کے نئے موقع کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ عوام کو اس نظام کے خطرات سے آگاہ کیا جائے۔ کسی پلیٹ فارم کی مقبولیت یا اس کے بڑے کاروبار کو اس کی مکمل حفاظت کی ضمانت نہیں سمجھنا چاہیے۔ سرمایہ کاری سے پہلے اس کے حفاظتی انتظامات اور متعلقہ ضوابط کے بارے میں معلومات حاصل کرنا ضروری ہے۔ مالیاتی اداروں کو بھی اپنے صارفین کو خطرات سے آگاہ کرنے اور ان کے اثاثوں کے تحفظ کے لیے واضح پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔
بائنانس سے اربوں ڈالر کی یہ چوری ایک بنیادی حقیقت سامنے لاتی ہے کہ ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارمز کے حفاظتی دعوے اپنی جگہ لیکن صارفین کے اثاثوں کی حقیقی حفاظت ہی ان دعووں کا اصل امتحان ہے۔ اگر جدید ترین ٹیکنالوجی رکھنے والے ادارے بھی اپنے نظام میں ایسی کمزوریوں کو روکنے میں ناکام رہتے ہیں تو پھر ان کی سکیورٹی پر اعتماد کیسے کیا جائے؟ صارفین کو صرف یقین دہانیاں نہیں چاہییں۔ انہیں واضح حفاظتی ضمانتیں۔ شفاف معلومات اور جواب دہ ادارے درکار ہیں۔ آخرکار کسی بھی مالیاتی نظام کی اصل طاقت اس کی ٹیکنالوجی یا سرمایہ نہیں بل کہ وہ اعتماد ہے جو لوگ اپنی محنت کی کمائی اس کے حوالے کرتے ہوئے محسوس کرتے ہیں۔











