4

مریض یا گاہک؟ طبی نظام، سرمایہ دارانہ چال اور اصل شفا کا سفر: احمدخان اچکزئی

محترم قارئین، ​تاریخ گواہ ہے کہ انسانی صحت کبھی خدمتِ خلق کا استعارہ تھی جہاں شفا کو عبادت سمجھا جاتا تھا اور طبیب و حکیم انسانیت کی فلاح کے لیے دن رات ایک کرتے تھے۔ ۱۹۵۲ء سے قبل کی دنیا پر اگر طائرانہ نظر ڈالی جائے تو یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ تب زمین کے سینے سے اگنے والی جڑی بوٹیوں، روایتی حکمت کی لاجواب ترکیبوں اور ہومیوپیتھک کے نفاست بھرے علاج سے بیماریاں جڑ سے اکھاڑ پھینکی جاتی تھیں۔ لوگ نہ صرف ان سے شفایاب ہوتے تھے بلکہ ایک پرسکون، طویل اور صحت مند زندگی بسر کرتے تھے۔ تب علاج کاروبار نہیں بلکہ ایک مقدس فریضہ تھا جس کا مقصد انسانیت کو درد اور تکلیف سے نجات دلانا تھا۔ پھر ایک ایسا وقت آیا جب دنیا کی کایا پلٹ گئی اور طاقتور لابیوں نے صحت کو منڈی میں بیچنے کا گھناؤنا کھیل شروع کیا۔​سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ہومیوپیتھک اور دیسی طریقۂ علاج کو اچانک پسِ پشت کیوں دھکیلا گیا؟ کیا یہ علاج کارگر نہیں تھے؟ ہرگز نہیں۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ ان علاجوں میں وہ طویل المدتی اور لامتناہی منافع نہیں تھا جو سرمایہ داروں کی ہوس کو تسکین پہنچا سکتا تھا۔ روایتی علاج تو انسان کو مکمل صحت دے کر ہمیشہ کے لیے بیماری سے آزاد کر دیتا تھا، لیکن سرمایہ داری نظام کو مریض نہیں بلکہ مستقل گاہک درکار تھے۔ دوسری جنگِ عظیم کے بعد امریکہ اور مغربی دنیا میں کیمیکل اور فارماسیوٹیکل انڈسٹریز کی بنیاد رکھی گئی تو صحت کے تصور کو یکسر بدل دیا گیا۔ دوا ساز کارخانوں کے مالکان نے یہ سمجھ لیا کہ اگر مریض ایک بار دوا کھا کر ہمیشہ کے لیے ٹھیک ہو گیا تو ان کی فیکٹریاں اور کارخانے بند ہو جائیں گے۔ اس لیے ایک ایسا نظامِ ادویات تشکیل دیا گیا جو بیماری کو جڑ سے ختم کرنے کے بجائے صرف اس کی علامات کو دبا دے۔ نتیجہ یہ نکلا کہ صبح، دوپہر، شام، ہر چھ گھنٹے کے بعد گولی کھانے کا لامتناہی سلسلہ شروع ہو گیا۔ دوا ختم ہو تو نئی دوا خریدو، اور اگر اس دوا کے ردِ عمل سے کوئی نیا عارضہ لاحق ہو جائے تو اس کے سائیڈ ایفیکٹ کو دور کرنے کے لیے مزید دوائیاں خریدو۔ یہ علاج نہیں بلکہ ایک ایسا اقتصادی جال تھا جس نے انسان کو عمر بھر کے لیے دواؤں کا غلام بنا دیا۔​آج کے دور میں اگر گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو یہ تلخ حقیقت ہمارے سامنے آتی ہے کہ پہلے جہاں انسان ایک مرض میں مبتلا ہوتا تھا اور ایک ہی دیسی یا ہومیوپیتھک خوراک سے تندرست ہو جاتا تھا، آج جدید ایلوپیتھک نظام کے تحت ایک مرض کا علاج کرتے ہوئے انسان کو دس مزید بیماریاں تحفے میں مل جاتی ہیں۔ کبھی دل پر اثر، کبھی معدے کی تباہی، اور کبھی اعصابی کمزوری کی صورت میں انسان دواؤں کا محتاج بن جاتا ہے۔ علاج جو کبھی گھر کے دیسی نسخوں، باورچی خانے کے مصالحوں اور دادی اماں کے ٹوٹکوں تک محدود تھا، اب بڑے بڑے پرتعیش اسپتالوں اور اربوں روپے کے منافع کمانے والی فارمیسیوں کا اکیلا پروڈکٹ بن چکا ہے۔ ہم نے اپنی حماقت اور لاپرواہی سے اس نعمت کو خود اپنے ہاتھوں سے گنوایا جو قدرت نے ہمیں جڑی بوٹیوں اور فطری عناصر کی شکل میں عطا کی تھی۔ ہم نے اپنی سستی اور فوری آرام کی چاہ میں ان روایتی طریقوں کو پرانا اور غیر سائنسی قرار دے کر خود کو کیمیکل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔​اس بات سے بالکل انکار نہیں کیا جا سکتا کہ جدید ایلوپیتھک اور سرجیکل سائنس نے ہنگامی حالات، حادثات اور ایمرجنسی وارڈز میں لاکھوں اور کروڑوں انسانی جانیں بچائی ہیں، اور اس کی افادیت سے کسی بھی ذی ہوش انسان کو انکار نہیں ہونا چاہیے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا دائمی امراض، شوگر، بلڈ پریشر، جوڑوں کا درد اور ڈپریشن جیسی بیماریوں کا جو علاج آج دنیا کو دیا جا رہا ہے، وہ واقعی شفا ہے یا محض گاہک بنانے کی ایک منظم سازش؟ جب تک ہم گاہک بن کر جیتے رہیں گے، ہماری جیبیں بھی خالی ہوتی رہیں گی اور جسم بھی کمزور پڑتا چلا جائے گا۔ ہمیں یہ طے کرنا ہوگا کہ آیا ہم ایک بیدار مریض بن کر اپنی اصل جڑوں، فطری خوراک، دیسی علاج، حکمت اور ہومیوپیتھک کی طرف پلٹنا چاہتے ہیں یا پھر اسی مصنوعی لائف سٹائل کے ساتھ عمر بھر گولیوں کے سہارے زندہ رہنا چاہتے ہیں۔​صحت کا تعلق محض جسمانی اعضا سے نہیں بلکہ ہمارے اندرونی زاویہ فکر سے جڑا ہوا ہے۔ جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ منرل زمین میں ہے، امن مائنڈ میں ہے، اور ٹھیک اسی طرح صحت بھی ہمارے مائنڈ اور سوچ کے اندر ہی پوشیدہ ہے۔ جب تک ہماری سوچ میں منافع خوری، خوف اور لاپرواہی رہے گی، ہم کبھی شفا نہیں پا سکتے۔ اپنی سوچ کے زاویوں کو بدلیے، فطرت کی طرف واپسی کا سفر اختیار کیجیے، کیمیکل کی اندھی تقلید کے بجائے قدرتی نظام پر بھروسہ کیجیے، اور اپنے جسم کو دواؤں کی تجربہ گاہ بنانے کے بجائے اسے سکون، اعتدال اور قدرتی غذا کا گہوارہ بنائیے تاکہ آپ ایک پُرسکون اور صحت مند زندگی گزار سکیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں