28

میرپور میں چھاتی کے سرطان کیخلاف آگاہی واک، خواتین کو بروقت معائنے کی تلقین

میرپور(بیورورپورٹ) چھاتی کے سرطان سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے اور خواتین کو بروقت تشخیص و علاج کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے آئی ڈی ایف (IDF) اور امہ کیئر فاؤنڈیشن (UCF) کے باہمی اشتراک سے پنک اکتوبر آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے شروع ہو کر مرکزی شاہراہ سے گزرتی ہوئی ڈویژنل ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے احاطے میں اختتام پذیر ہوئی۔اس آگاہی مہم میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر گوہر لطیف کالس نے کلیدی کردار ادا کیا، جن کی کاوشوں سے خواتین کی صحت کے اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے اور بروقت طبی معائنے کی اہمیت کا پیغام عام کرنے میں مدد ملی۔واک میں میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈویژنل ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ، ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار، چیئرمین یو سی ایف فراز یونس، برطانوی ماہر مڈوائف ڈاکٹر آٹمن برینن، کنٹری ہیڈ یو سی ایف عمر شہزاد سلطانی اور دیگر طبی عملے نے شرکت کی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چھاتی کے سرطان سے متعلق غلط فہمیوں اور سماجی جھجک کے خاتمے، ابتدائی علامات کی شناخت اور خواتین کو مستند طبی مشورے کی جانب راغب کرنے کے لیے آگاہی سرگرمیاں جاری رہنی چاہیں۔ مقررین نے زور دیا کہ چھاتی میں گلٹی یا کسی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں بلا تاخیر مستند ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے، کیونکہ بروقت تشخیص علاج کے بہتر امکانات فراہم کر سکتی ہے۔پنک اکتوبر واک کا بنیادی پیغام تھاشرم نہیں، شعور اپنائیں؛ بروقت تشخیص کروائیں، زندگی بچائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں